نویں تھل جیپ ریلی کا انعقاد7 نومبر سے ہوگا، تیاریاں جاری
لیہ(این این آئی)نویں تھل جیپ ریلی کی رنگا رنگ تقریبات کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔شیڈول کے مطابق 3 اضلاع میں ہونے والا میگا ایونٹ 7 سے 10 نومبر تک جاری رہے گا، مظفر گڑھ،کوٹ ادو اور لیہ میں ہونے والی 4 روزہ تھل جیپ ریلی کا مڈ پوائنٹ چوبارہ جبکہ ابتدائی اور اختتامی پوائنٹ مظفر گڑھ چھانگا مانگا مقرر کیا گیا ہے۔7 نومبر کو چھانگا مانگا کے مقام پر گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹیگنگ اور ٹیکنیکل انسپیکشن ہو گی، 8 نومبر کو کوالیفائیڈ مقابلوں کا انعقاد ہو گا جبکہ 9 نومبر کو سٹاک کیٹیگری کے مقابلے ہوں گے اور 10 نومبر کو موڈیفائیڈ گاڑیوں اور ویمن کیٹیگری کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔جاری کردہ شیڈول کے مطابق 10 نومبر کو بائیک ریس بھی ہو گی اور فیصل سٹیڈیم میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا جائے گا، مڈ پوائنٹ چوبارہ پر تھل ثقافتی میلے کی خوبصورت رعنائیوں سے بھر پور تقریبات کا انعقاد ہو گا جہاں خوبصورت سٹالز، میوزیکل نائٹ، کھیلوں کے مقابلے اور فوڈ سٹریٹ سجائی جائے گی دوسری جانب ایونٹ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ بہترین ایونٹ کے انعقاد کے لئے بھرپور تیاریاں کی جارہی ہیں امید ہے کہ شائقین کو بہترین مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔