ماہر ڈاکٹر نے سگریٹ نوشی کا دانتوں کیلئے ایساسنگین نقصان بتا دیا کہ آپ فوری طور پر چھوڑنے پر غور شروع کردیں گے

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) سگریٹ نوشی پھیپھڑوں، دل اور دیگر اعضاءکی صحت کے لیے تو زہرقاتل ہوتی ہی ہے، اب ایک ماہر ڈاکٹر نے دانتوں کے لیے بھی اس کا سنگین نقصان بتا دیا ہے۔ دی سن کے مطابق لی شیک ڈینٹسٹ، لاس اینجلس کی ڈاکٹر مریم ہادین نے ایک سگریٹ نوش کے دانتوں کا معائنہ کرتے ہوئے تصاویر بنا کر اپنے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ پر ایک ویڈیو میں لوگوں کو دکھائی ہیں اور انہیں اس بری لت سے متنبہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس مریض کے دانتوں کے اوپری اور اندرونی حصے لگ بھگ سیاہ ہو چکے ہوتے ہیں، جبکہ سامنے سے دانت قدرے صاف ہوتے ہیں۔ ویڈیو میں ڈاکٹر مریم بتاتی ہے کہ لوگ برش کرتے ہوئے دانتوں کے اوپری اور پیچھے کے حصوں کو نظرانداز کرتے ہیں، جنہیں سگریٹ نوشی کی لت سیاہ کر ڈالتی ہے اور دانت گلنے سڑنے لگتے ہیں۔
ڈاکٹر مریم کا کہنا تھا کہ ”دن میں دو بار برش کرنے سے دانت پر میل کچیل کو جمنے سے روکا جا سکتا ہے لیکن سگریٹ نوش لوگوں کے لیے ممکن نہیں ہوتا کہ وہ ہر سگریٹ کے بعد برش کریں، لہٰذا ان کے دانتوں کا پیلا اور حتیٰ کہ سیاہ ہوجانا یقینی ہوتا ہے جس کے بعد دانت سڑنا شروع ہو جاتے ہیں۔ سگریٹ نوشی دانتوں کے لیے ہی نہیں بلکہ مسوڑھوں کے لیے بھی بہت خطرناک ثابت ہوتی ہے۔“