ہالینڈ: روٹرڈیم میں2مقامات پر فائرنگ، 2افراد ہلاک

ہالینڈ: روٹرڈیم میں2مقامات پر فائرنگ، 2افراد ہلاک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

روٹرڈیم (ڈیلی پاکستان آن لائن)ہالینڈ کے شہر روٹرڈیم میں پولیس کے مطابق فائرنگ کے2واقعات میں 2 افراد ہلاک اور 1 زخمی ہوگیا ہے۔ 

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق فوجی وردی میں ملبوس مسلح شخص نے ایک رہائشی علاقے میں ایک فلیٹ پر اور پھر قریب ہی واقع میڈیکل سینٹر میں فائرنگ کی۔ دونوں مقامات پر آگ بھڑکی ،جس پر قابو پا لیا گیا۔ 

روٹرڈیم پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر پیغام جاری کیاجس میں بتایا گیا کہ ’فائرنگ کے 2 واقعات میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ ہم پہلے ہلاک ہونے والوں کے خاندان اور رشتے داروں کو مطلع کریں گے اور اس کے بعد مزید تفصیل سے آگاہ کیا جائے گا۔‘

حکام کا کہنا ہے کہ ایلیٹ پولیس کے اہلکار ہسپتال میں داخل ہو گئے جہاں  ہینڈ گن سے مسلح مشتبہ شخص کو تلاش کیا گیا۔ 

 پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کی عمر 32 سال ہے اور تاحال اس حملے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ حملہ آور ایک ہی تھا جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ 

جائے وقوعہ سے موصول ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں لوگوں کو ہسپتال سے باہر چیخ و پکار کرتے ہوئے جاتے دیکھا جا سکتا ہے جن میں مریض اور طبی عملہ شامل ہے، اس کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے جبکہ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے بھی علاقے کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ 

یادرہے کہ روٹرڈیم میں اکثر منشیات فروش گروہوں کے درمیان فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔ 

حکام کی جانب سے اس بارے میں جلد مزید تفصیل کی فراہمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ 

 2019 ءمیں یوتریخت شہر میں ایک ٹرایم میں3 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا جبکہ 2011 ءمیں ایک 24 سالہ شخص ٹریسٹن وین ڈر ولس نے ایک شاپنگ مال میں فائرنگ سے6افراد کو ہلاک اور 10 کو زخمی کیا تھا۔