بھارت میں نسلی فسادات کے دوران مشتعل افراد کامودی کے قریبی ساتھی کے گھر پر ھاوا

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست منی پور میں ایک مرتبہ پھر نسلی فسادات پھوٹ پڑے ہیں ، فسادات کے دوران مشتعل ہجوم نے نریندی مودی کے قریبی ساتھی اور ریاست کے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ کے گھر پر دھاوا بول دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہجوم کی جانب سے ریاستی دارالحکومت امپھال میں واقع وزیر اعلیٰ منی پور کے گھر کو نذر آتش کرنے کی کوشش بھی کی گئی، جس پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے ہجوم کو منتشر کردیا، مظاہرین وزیراعلیٰ کے گھر کو جلانے میں ناکامی کے بعد ریڈ زون ایریا میں واقع ارکان اسمبلی کے گھروں کی جانب بڑھے اور حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے اس کوشش کو بھی ناکام بنایا۔اس موقع پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی اور دونوں جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔ مظاہرین نے پولیس پر طاقت کے استعمال کا الزام بھی عائد کیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریاست منی پور میں میتھی برادری کے جولائی سے لاپتا دو نوجوانوں کی لاشیں ایک جنگل سے ملنے کے بعد ایک بار پھر نسلی فسادات پُھوٹ پڑے ہیں گزشتہ 4 ماہ سے جاری فسادات میں اب تک 150 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ فسادات کے دوران متعدد انسانیت سوز واقعات بھی سامنے آچکے ہیں، جن میں خواتین کو برہنہ کرکے بازاروں میں گھمانے اور اجتماعی زیادتی کے واقعات بھی شامل ہیں۔