پراسیکیوٹرز، وکلا صفائی کی عدم حاضری،توشہ خانہ ٹوکیس، 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعتیں ملتوی

  پراسیکیوٹرز، وکلا صفائی کی عدم حاضری،توشہ خانہ ٹوکیس، 190ملین پاؤنڈ ریفرنس ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی (آئی این پی)بانی پی ٹی آئی اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے کل بروز پیر تک ملتوی کر دی گئی،سماعت ایف آئی اے پرا سیکیوٹرز اور وکلا صفائی کی عدم حاضری کے باعث ملتوی کی گئی۔ اڈیالہ جیل میں ہونیوالی سماعت کے موقع پر معاون وکیل ایف آئی اے نے موقف اختیار کیا پراسیکیوشن کے سینئر وکلا عدالت حاضر نہیں ہو سکے،راستے بند ہیں،سماعت ملتوی کی جائے،وکیل صفائی انتظار پنجوتہ نے کہا یہ جان بوجھ کر درخواست ضمانتوں کو التوا دے رہے ہیں، درخواست ضمانتوں پر بلا جواز تاخیر سمجھ سے باہر ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت پیش کیا گیا،ملزمان کی درخواست ضمانتوں کی سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔ دوسری طرف بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 2اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشر یٰ بی بی کیخلاف 190ملین پانڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی،سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت پیش کیا گیا، بشریٰ بی بی کی جانب سے عثمان ریاض گل ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے،نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے،ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے کہا وکیل صفائی جان بوجھ کر مقدمہ کو التوا دے رہے ہیں،ایسے سوالات پوچھے جا رہے ہیں جن کا جواز نہیں بنتا،ایسے سوالات پوچھے جا رہے ہیں جن کا ریفرنس سے کوئی تعلق نہیں،نیب کے گواہ آج 26ویں مرتبہ عدالت حاضر آئے ہیں لیکن وکلا صفائی کی جرح مکمل نہیں ہو سکی۔ بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل کی نیب کے آخری گواہ پر جرح جاری ہے،کیس کی مزید سماعت دو اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی،2 اکتوبر کو بھی عثمان گل گواہ پر جرح جاری رکھیں گے۔

سماعتیں ملتوی