26نومبر احتجاج کے 29مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع
راولپنڈی، اسلام آباد (آئی این پی)بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 26نومبر احتجاج کے 29مقدمات میں عبوری ضمانت میں 20مئی تک توسیع کردی گئی انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں جج امجد علی شاہ کیس کی سماعت کی،عدالت نے ملزمہ کو شامل تفتیش کرنے سے متعلق درخواست منظورکرلی،سماعت کے موقع پرتمام تفتیشی افسران موجود تھے،پراسیکیوٹر سید ظہیرشاہ نے ا ستغاثہ کی جانب سے ریکارڈ پیش کیا بشریٰ بی بی کے وکیل فیصل ملک کی تمام مقدمات میں شامل تفتیش کرنے کی درخواست کی،جج امجد علی شاہ نے استدعا منظور کرتے ہوئے حکم دیا،ملزمہ کو شوہر اورقانونی ٹیم کی موجودگی میں شامل تفتیش کیا جائے۔ دوسری جانب بشریٰ بی بی کو جیل میں بہتر سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ اسلام آبادہائیکورٹ میں جمع کروا دی گئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے بشریٰ بی بی کی جیل میں بہتر سہولیات فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔ بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل عثمان گل اور ظہیر عباس ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ایڈووکیٹ جنرل آفس نے جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی۔ عدالت نے جیل سہولیات سے متعلق رپورٹ وکیل درخواست گزار کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔جمع کروائی گئی رپورٹ کے مطابق بشریٰ بی بی کو جیل میں الگ کشادہ کمرے میں رکھا گیا ہے اور دن میں 2بار طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔ بشری بی بی کو میٹرس، کرسی، ٹیبل اور کتابوں کی الماری بھی فراہم کی گئی ہے جبکہ کمرے میں لائٹ اور پنکھے کا انتظام بھی موجود ہے۔رپورٹ کے مطابق موسم گرما میں روم کولر فراہم کیا گیا ہے اور جیل میں ایل سی ڈی کی سہولت بھی موجود ہے۔ بشریٰ بی بی کو جیل میں علیحدہ کچن کی صورت میں کوکنگ کی سہولت بھی دی گئی ہے جبکہ کھانے کا پہلے میڈیکل آفیسر معائنہ کرتا ہے۔عدالت نے بشری بی بی کے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ رپورٹ دیکھ لیں اور آئندہ سماعت پر اپنا موقف پیش کریں، کیس کی آئندہ سماعت روسٹر کے مطابق جاری کر دی جائیگی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
بشری ٰ بی بی ضمانت