چارسدہ : موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ، پولیس اہلکار جاں بحق،محکمہ صحت کا ملازم زخمی

چارسدہ(ڈیلی پاکستا ن آن لائن)چارسدہ کے علاقے غنی خان روڈ پر پیش آنے والے فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ محکمہ صحت کا ایک ملازم شدید زخمی ہو گیا۔
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اس وقت کیا جب گاڑی معمول کے مطابق اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھی۔جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کی شناخت فاروق کے نام سے ہوئی ہے، جو نیب آفس میں ڈیوٹی پر تعینات تھا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق اہلکار کی لاش اور زخمی کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں زخمی کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔