بھارتی طیاروں رافیل کی مقبوضہ کشمیر میں پٹرولنگ، پاک فضائیہ کی فوری نشاندہی اور وارننگ نے پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی وزیراعظم نریندر مودی فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان کیخلاف کارروائی کا ارادہ رکھتے ہیں جس کا پاکستان کی جانب سے بھی بھر پور جواب دینے کا اعلان کر دیا گیاہے اور اسی تناظر میں جب گزشتہ شب بھارتی طیاروں نے اپنی حدود میں پیٹرولنگ کی تو پاکستان کی جانب سے بھی زبردست رسپانس دیکھنے میں آیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ایئر فورس نے گزشتہ شب بھارتی 4 جنگی طیاروں رافیل کی فوراً نشاندہی کی اور بر وقت کارروائی نے بھارتی طیاروں کو فرار ہونے پر مجبور کر دیا ۔ بھارتی جنگی طیاروں رافیل نے اپنی جغرافیائی حدود میں رہتے ہوئے پیٹرولنگ کی تاہم پاکستان کے بر وقت جواب نے واضح کر دیا کہ کسی بھی مس ایڈونچر کا سخت جواب دیا جائے گا ۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج بھارتی مس ایڈونچر کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے۔پاکستانی افواج بھارت کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار اور مستعد ہیں۔جبکہ گزشتہ شب عطاء اللہ تارڑ نے ہنگامی بیان میں بھارت سمیت عالمی برادری کو واضح کیا کہ بھارت آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں نے کارروائی کا ارادہ رکھتاہے اور اگر جنگ ہوئی تو اس کے نقصانات کا ذمہ دار صرف بھارت ہوگا۔