پاکستان علما ءکونسل کا آئندہ جمعہ یوم استحکام پاکستان کے طورپر منانے کا اعلان

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیئرمین پاکستان علما ءکونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ آئندہ جمعہ یوم استحکام پاکستان کے طورپر منائیں گے۔
نجی ٹی وی "دنیا نیوز" کے مطابق لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ بھارتی دہشتگردی کے ثبوت پاکستان ہی نہیں کینیڈا و امریکہ میں بھی سامنے آچکے ہیں، پہلگام کا واقعہ اسرائیلی موساد اور را نے ملکر کیا،جس کا ایک مقصد پاکستان پر الزام لگانا اور دوسرا مقبوضہ کشمیر کو غزہ بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ایجنٹس مقبوضہ کشمیر میں آچکے ہیں، موساد غزہ کی کہانیاں مقبوضہ کشمیر میں دہرانا چاہتی ہے، وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے تحقیقات کی پیشکش کی ہے، عالمی تحقیقات صرف پہلگام ہی نہیں جعفر ایکسپریس سمیت دیگر دہشتگردی کی بھی ہونی چاہیے۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں ثبوت رکھے ہیں، بھارت دیکھ لے ابھی نندن کی طرح ہر بار چائے پلا کر واپس نہیں کیا جاتا اس بار ڈنڈا استعمال ہوگا، پاک فضائیہ نے گزشتہ رات جس طرح بھارتی سازش کو ناکام بنایا ہے وہ قابل تعریف ہے۔
علامہ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ مدارس کے 30 لاکھ طلباء پاک فوج کے ساتھ ہیں، چین سعودی عرب سمیت دیگر دوست ممالک کشیدگی کم کرانے کے لیے کوشاں ہیں، بھارت نے جو الزام لگایا ہے اس کے ثبوت دے۔
علامہ طاہر اشرفی کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان علما ءکونسل آئندہ جمعہ یوم استحکام پاکستان کے طورپر منائیں گے، 4 مئی کو پاکستان علما ءکونسل کی شوریٰ بلائی گئی ہے۔