’کشمیر بھارت کا نام نہاد اٹوٹ انگ پہلے کبھی تھا اور نہ ہی آئندہ ہوگا‘ترجمان دفتر خارجہ نے انڈیا کو دندان شکن جواب دے دیا 

’کشمیر بھارت کا نام نہاد اٹوٹ انگ پہلے کبھی تھا اور نہ ہی آئندہ ہوگا‘ترجمان ...
’کشمیر بھارت کا نام نہاد اٹوٹ انگ پہلے کبھی تھا اور نہ ہی آئندہ ہوگا‘ترجمان دفتر خارجہ نے انڈیا کو دندان شکن جواب دے دیا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ تنازعہ ہے،جموں وکشمیر کے حصوں پر بھارت نے غیرقانونی طورپر قبضہ کررکھا ہے، تنازعہ جموں وکشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر قدیم ترین معاملہ ہے جو بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے حل طلب ہے،جھوٹے اور من گھڑت دعووں کا واویلا کرنے سے بھارت اس حقیقت کو بدل نہیں سکتا کہ یہ بھارت ہے جس نے سات دہائیوں سے زائد عرصے سے جموں وکشمیر کے حصوں پر غیرقانونی قبضہ کررکھا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نےپاکستان اورچین کےوزرائےخارجہ کےدرمیان منعقدہ تیسرے سٹرٹیجک ڈائیلاگ کی مشترکہ پریس ریلیز میں جموں وکشمیر کے حوالہ سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئےکہا کہ بھارت کو اس معاملے میں بیان دینے کا کسی قسم کا کوئی حق حاصل نہیں ،جموں وکشمیربھارت کانام نہاد اٹوٹ انگ نہ تو پہلے کبھی تھا اور نہ ہی آئندہ ہوگا، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادیں ثبوت ہیں کہ ریاست جموں وکشمیر کا حتمی حل اقوام متحدہ کی نگرانی میں غیرجانبدارانہ اور آزادانہ رائے شماری کے انعقاد کے ذریعے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ہوگا،عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ جموں وکشمیر کی حیثیت میں تبدیلی اور مقبوضہ خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے بھارت کے 5اگست 2019ءکے غیرقانونی اور یک طرفہ اقدامات اقوام متحدہ کے منشور، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور عالمی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت فوری طور پر جموں وکشمیر کے حصوں سے اپنا غیرقانونی قبضہ ختم اور غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرے اور تنازعہ جموں وکشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر من وعن اور فوری عمل درآمد کے لئے اقدامات اٹھائے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -