’وزیراعظم عمران خان کا خطاب پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی ، غیرت مند اور غیور لیڈر نے پوری قوم کے دل جیت لئے‘

’وزیراعظم عمران خان کا خطاب پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی ، غیرت مند اور غیور ...
’وزیراعظم عمران خان کا خطاب پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی ، غیرت مند اور غیور لیڈر نے پوری قوم کے دل جیت لئے‘

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بنگوئیں(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب کےمعاون خصوصی اورپاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی  )آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج قومی اسمبلی میں اپنے خطاب میں پوری قوم کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے،عمران خان نے وہی بات کی ہے جو کسی بھی غیرت مند اوردلیرلیڈر کا شیوہ ہونا چاہئے،وزیراعظم کے خطاب سے آج دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کے سرخوشی سے سربلند ہیں کیونکہ وزیراعظم نے آج بھی ہمیشہ کی طرح پاکستان کی عزت اور وقار کی بات کی ہے،غیرت منداورغیور لیڈر نےپوری قوم کےدل جیت لئےہیں،انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد پورے آزاد کشمیر میں آئی ٹی پارکس بنائیں گے،باغ کے نوجوانوں کو 5 ہزار ملازمتیں فراہم کریں گے۔

مرکزی الیکشن آفس ہاڑی گہل کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا خطاب انتہائی مدلل اور بصیرت سے بھرپور تھا ،وزیراعظم کے خطاب میں پاکستانیت اور خود داری کا بھر پور پرچار ،مستقبل کی سمت اور بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کا کردار ،مسئلہ کشمیر اور افغانستان کےحل کامکمل احاطہ کیا،عمران خان نے قوم کو اپنی زبان اور کلچر پر فخر کرنے کا اعتماد کیا،عمران خان نے دنیا سے پیسہ اکھٹا کرکے پاکستان میں شوکت خانم کی بنیاد رکھی،قوم کو وہی آگے لے جا سکتا جو اندر باہر سے پاکستانی ہو۔

انہوں نے کہا کہ آج وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات پر مذاکرات کی دعوت دی ہے، جمہوریت کی مضبوطی کے لئے انتخابی اصلاحات ضروری ہیں، اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کے لئے حکومت کے ساتھ مل کر بیٹھنا چاہیے اور اپنی اَنا ،ضد اور ہٹ دھرمی کو قومی مفاد پر فوقیت نہیں دینی چاہئے۔

اس سے قبل وسطی باغ مرکزی الیکشن آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےسردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ آج جس والہانہ انداز سے یہاں میرا استقبال ہوا، میں اپنے  سب ساتھیوں اور دوستوں  کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،میں  آپ سب کی محبتوں کا شکرگزار ہوں۔

انہوں نےکہاکہ آزادکشمیرکےآئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی  بھاری اکثریت سےجیت کرعوامی طاقت سے اقتدار میں آنے کےبعد عمران خان کے ویژن کوعملی جامہ پہنائے گی،وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں،عمران خان کشمیرمیں ٹورازم اورہائیڈرل کےفروغ میں دلچسپی رکھتے ہیں، انشااللہ حکومت میں آکرپورے آزادکشمیرمیں آئی ٹی پارکس بنائیں گے،حکومت میں ہوں یا نہ ہوں،باغ میں آئی ٹی سافٹ وئیر پارک بناؤں گا۔

سردار تنویر الیاس خان نےکہاکہ صحت کارڈ صرف باہر کےملکوں میں تھا،پاکستان میں صحت کارڈ کا تصور بھی نہیں تھا لیکن عمران خان نےپورےپاکستان میں ہیلتھ کارڈپروگرام شروع کیا،وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں خیبرپختونخوا  حکومت نےسب سےزیادہ مدرسہ ریفارمز پرکام کیا،تحریک انصاف آزاد کشمیر انتخابات میں کامیابی کے بعد کشمیریوں کی توقعات پر پورا اترے گی،ہم اللہ کےفضل و کرم سے کشمیری عوام سے کئے گئے ایک ایک وعدے کو مکمل کریں گے اور اس خطہ زمین کو دنیا کا بہترین مقام بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔


اس موقع پر دیگر قائدین سردار میر اکبر خان ،سردار طاہر اقبال، سردار افتخار رشید چغتائی، راجہ امتیاز طاہر ، سردار امتیاز شاہین، سردار صداقت عباسی اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔