سستی گیس کا حصول؛پاکستانی وفد مذاکرات کیلئے بھارت پہنچ گیا
نئی دہلی(آن لائن)بھارت سے 20 کروڑ مکعب فٹ یومیہ گیس کم نرخوںپر حاصل کرنے کے سلسلے میں مذاکرات کیلئے پاکستان کا وفد بھارت پہنچ گیا ہے۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کے ذرائع کے مطابق پاکستان کا وفد انٹر اسٹیٹ گیس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر مبین صولت کی سربراہی میں بھارت پہنچ گیا ہے جہاں وہ کل (پیر)کو بھارتی کمپنی گیل کے حکام سے بات چیت کرے گا۔ پاکستان 20 کروڑ مکعب فٹ گیس بھارت سے درآمد پر میں دلچسپی رکھتا ہے۔ذرائع کے مطابق بھارت اگر سستی گیس فراہم کرے تو گیس کے حصول پر غور ہوسکتا ہے۔ بھارت نے امرتسر تک پائپ لائن بچھائی ہوئی ہے اور اگر بھارت سے گیس حاصل کرنے کا معاہدہ طے پاگیا تو پاکستان صرف 100 کلومیٹر گیس پائپ لائن بچھانا پڑے گی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی کمپنی گیل نے پہلے 21.5 ڈالر فی یونٹ گیس کی پیش کش کی تھی، اگر بھارتی کمپنی گیس کے نرخ کم کرے تو بھارت سے گیس درآمد کرنے کا فیصلہ ہو جائیگا۔