جان بچانے والی ادویات نایاب، قیمتوں میں ہوشربااضافہ، مریض پریشان 

        جان بچانے والی ادویات نایاب، قیمتوں میں ہوشربااضافہ، مریض پریشان 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                                            لاہور(جنرل رپورٹر)  میڈیکل اسٹورز پر ’اینٹی ٹیٹنس‘ انجکشن نایاب ہو گئے، ہول سیل میڈیسن مارکیٹ میں بھی ٹیٹنس انجیکشن ناپید ہونے کے باعث دوسری طرف اور کئی جان بچانے والی ادویات نہ صرف مارکیٹ سے غائب ہو چکی ہیں بلکہ ان کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کر لیا گیا۔ شوگر کے مریضوں کے لیے زیادہ تر استعمال ہونے والی /30/70 انسولین مارکیٹ میں یا تو ملتی نہیں یا پھر 900 کی بجائے 2700 سے 3 ہزار میں مل رہی ہے۔ ٹیٹنس کے انجیکشن کی قیمت 60 روپے ہے مگر مارکیٹ میں چیدہ چیدہ مقامات سے 300 سے 500 روپے میں مل رہا ہے۔ حمل اور دل کے مرض کے انجیکشن بھی بلیک میں فروخت ہو رہے ہیں جبکہ سانس کے مرض،نزلہ، مرگی اور سوجن کی ادویات بھی تاحال نایاب ہیں جبکہ انسولین کی قیمت بھی دگنی  ہو گئی۔ سانس کے مرض کی ادویات 500 روپے سے بڑھ کر 4 ہزار روپے پر پہنچ گئیں،نزلہ کی دوائیں 650 سے بڑھ کر 1100 روپے میں فروخت ہونے لگیں۔ اس کے علاوہ سوجن کی ادویات بھی 700 روپے سے بڑھ کر 3 ہزار روپے،حمل کے انجیکشن 6 ہزار سے بڑھ کر 9 ہزار روپے،دل کے مرض کے انجیکشن 1200 سے تجاوز کرکے 2500 روپے  اور انسولین بلیک مارکیٹ میں 900 روپے سے تجاوز کرکے 2700 روپے پر پہنچ گئی۔ انسولین کی قیمت بھی دگنی ہوگئی۔اس حوالے سے مریضوں کاکہنا ہے کہ محکمہ صحت فوری ایکشن لے۔