کشمیر کے عوام نے اپنی سرزمین پر بھارتی قبضہ کو مکمل طور پر ردکردیا :جلیل عباس جیلانی

کشمیر کے عوام نے اپنی سرزمین پر بھارتی قبضہ کو مکمل طور پر ردکردیا :جلیل عباس ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ اب یہ بنیادی حقیقت واضح ہوکر سامنے آگئی ہے کہ کشمیر کے عوام نے اپنی سرزمین پر بھارتی قبضے کو مکمل طور پر رد کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات ایک سیمینار میں اپنے افتتاحی خطاب میں کہی جو جمعہ کی رات واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں منعقد ہوا۔ ’’جموں اینڈ کشمیر تنازعہ‘‘ کے موضوع پر اس سیمینار کا اہتمام کشمیریوں کے ’’یوم سیاہ‘‘ کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔ پاکستانی سفیر نے سیمینار کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اپنی شرکت سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے لئے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کشمیریوں کی اپنے حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد سات عشرے سے جاری ہے اور حال ہی میں برہان وانی کی شہادت سے یہ تحریک ایک نیا رخ اختیار کرگئی ہے۔ سابق سیکرٹری خارجہ ریاض محمد خان نے اس موقع پر بھارتی مظالم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایک نوجوان کشمیر لیڈر کے قتل کے بعد اب ایک نئے کشمیر نے جنم لیا ہے اور پوری دنیا نے تسلیم کرلیا ہے کہ موجودہ تحریک اور جدوجہد مقامی کشمیریوں نے شروع کی ہے جس کا فوری سبب بھارتی افواج کی طرف سے کیا جانے والا ظلم و تشدد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج ایک قابض قوت کی طرح سلوک کر رہی ہے اور جان بوجھ کر معصوم شہریوں کے خلاف پیلٹ گن استعمال کر رہی ہے۔ اس موقع پر شرکاء کو کشمیر کے یوم سیاہ کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی اور کشمیر مییں بھارتی مظالم کے بارے میں تصویر کی نمائش بھی لگائی گئی

مزید :

علاقائی -