ایکس سی ایم جی چین راہداری کی تعمیر میں اہم کردار ادا کریگا، گوڈن ون لونگ
اسلام آباد (پ ر) چین کی معروف کنسٹرکشن مشینری بنانے والے گروپ لمیٹڈ ایکس سی ایم جی نے پاکستان میں اپنے کام کا آغاز کردیا۔ ایکس سی ایم جی کی افتتاحی تقریب میں سرکاری اور نجی شعبہ سے وابستہ کمپنیوں خصوصا چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلقہ کمپنیوں نے شرکت کی اور چین کی کمپنی کی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔ ایکس سی ایم جی کی مشینری روٹس ،پل و دیگر تعمیراتی کاموں میں استعمال ہوتی ہیں۔ اس موقع پر ایکس سی ایم جی کے جنرل منیجر گوڈن ون لونگ نے کمپنی کی کام کرنے کی مجموعی صورتحال اور کارکردگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی نے چین کے تعمیراتی شعبہ کے لئے اپنی مصنوعات کی فراہمی سے بہت کام کیا ہے اور پورے چین میں یہ کمپنی معروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کنسٹرکشن مشینری کی فراہمی سمیت اس سے متعلق معلومات بھی فراہم کرتی ہے اور چین کی تین بڑی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ان کی کمپنی پاکستان میں اپنی مصنوعات اور خدمات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔ اس موقع پر چین کے پاکستان میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن ژاؤ لی جیانگ نے کمپنی کا خیر مقدم کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کامیابی سے مکمل ہو گی۔