پاکستان کا برطانیہ میں قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کا مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستانی ہائی کمیشن نے برطانیہ میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کا مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
روزنامہ جنگ کے مطابق گزشتہ شب لندن میں سابق چیف جسٹس کی گاڑی پر حملے کا مقدمہ اسکاٹ لینڈ یارڈ میں 9 مظاہرین کے خلاف درج کرایا جائے گا۔اسکاٹ لینڈ یارڈ میں اندراج مقدمہ کی درخواست سفارتی اختیارات کے ذریعے دی جائے گی۔قاضی فائز عیسیٰ پر مظاہرین کے حملے کے دوران پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو ویڈیوز کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے صاف الفاظ میں کہا کہ حملہ آوروں کی شناخت کا عمل مکمل کرنے کے بعد ان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں گے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستانی ہائی کمشنر کی کار پر حملہ ہوا، اس واقعہ پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے، قاضی فائز عیسیٰ کو دھمکیوں کا سامنا تھا تو سیکیورٹی کیوں فراہم نہیں کی گئی تھی۔