تحریک انصاف کو ملکی سیاست میں نہیں ہونا چاہیے ، فضل الرحمان

فیصل آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے نظریات، کارکردگی اور ایجنڈے پاکستان مخالف رہے ہیں، پی ٹی آئی کو تو ملکی سیاست میں ہونا ہی نہیں چاہیے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کرانا یا نہ کرانا الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کام ہے، جنوری میں فیصل آباد، میانوالی اور لاہور میں ووٹ ڈالے جاسکتے ہیں۔ جنوری میں ملک کے بالائی علاقوں کے لوگ اپنے علاقوں میں موجود ہی نہیں ہوں گے، ای سی پی کو ان چیزوں کو بھی دیکھنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ خضدار، شمالی بلوچستان، سوات، بٹگرام اور دیگر بالائی علاقوں کے لوگ نیچے آگئے ہیں، بالائی علاقوں کے مزید لوگ برف باری کے باعث میدانی علاقوں میں آجائیں گے۔جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کسی بھی امیدوار کےلیے مہم چلانا مشکل ہے۔ ہمارے امیدواروں کےلیے تو عام انتخابات کی مہم چلانا ناممکن ہی ہوگیا ہے۔