سیکیورٹی فورسز کے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آپریشن، 10 خارجی ہلاک ، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد

راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن )سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران 10 خارجی ہلاک کردیئے۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔سیکیورٹی فورسز کے ڈی آئی خان آپریشن میں آپریشن کے دوران 4 خارجی ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقوں دتہ خیل، حسن خیل، غلام خان اور میر علی میں بھی آپریشن کیے گئے۔ چاروں کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 6 خارجی ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خارجیوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک خارجی سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔