محمد عامر اور شاہین آفریدی میں زیادہ با صلاحیت باؤلر کون ہے ؟ نادرعلی کے سوال پر سرفراز احمد نے جواب دے دیا

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی سے زیادہ ہنر مند اور باصلاحیت باؤلر ہیں۔معروف یوٹیوبر نادر علی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے قومی ٹیم کے کپتان کے حوالے سے کیے گئے سوال پر کہا کہ بابراعظم کپتانی سیکھ رہے ہیں، ہر شخص میں بہتری کی گنجائش ہوتی ہے اور ہم سب غلطیاں کرکے ہی سیکھتے ہیں۔
پوڈ کاسٹ میں سرفراز احمد سے محمد آصف، عامر اور شاہین کو بطور پیسر ان کی صلاحیتوں کے مطابق درجہ بندی کرنے کو کہا گیا جس پر انہوں نے تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔سرفراز احمد نے کہا کہ باؤلنگ ویری ایشن اور مہارت کے اعتبار سے محمد آصف پہلے نمبر پر ہیں ،میرے خیال میں محمد عامر کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنی چاہیے لیکن یہ ان کا فیصلہ ہے۔ اگر عامر ابھی کھیل رہا ہوتا تو میں اسے دوسرے نمبر پر اور شاہین کو تیسرے نمبر پر رکھتا۔
پاکستان کو آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی جتوانے والے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بابراعظم ٹیم کی قیادت کرکے ہی کپتانی سیکھیں گے، وہ بتدریج بہتری کی جانب جارہے ہیں۔ میں نہیں چاہتا جیسا میرے ساتھ ہوا ویسا بابراعظم یا کسی اور کے ساتھ ہو، لیکن ٹیم اور کپتان بننے میں وقت درکار ہوتا ہے، میرا بابر کو مشورہ ہے کہ پلئیرز کے ساتھ روابط بڑھائیں اور پرفارمنس پر توجہ دیں۔سابق کپتان نے انکشاف کیا کہ مجھے نہیں لگتا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لئے یہ میرا آخری سیزن تھا۔وکٹ کیپر بلے باز نے کرکٹ میں اپنا استاد معین خان کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے وکٹ کیپر بننے کا شوق تھا، انہیں ہی دیکھ دیکھ کر بڑا ہوا، وہ چونکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈکوچ بھی ہیں تو ان سے سیکھتا رہتا ہوں۔