مسئلہ حل کروانے کیلئے کسٹمر سروس کو کال کرنے والا شخص ڈیڑھ لاکھ روپے گنوا بیٹھا

بھوپال (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے رہائشی وجے کمار ایک آن لائن فراڈ کا شکار ہو گئے، جب انہوں نے اپنی میوزک سبسکرپشن کے غیر متوقع اضافی چارجز واپس لینے کے لیے گوگل پر کسٹمر کیئر نمبر تلاش کیا۔ اس تلاش نے انہیں ایک جعلی نمبر تک پہنچا دیا، جس کے ذریعے وہ اور ان کی اہلیہ مجموعی طور پر ایک لاکھ 59 ہزار روپے سے محروم ہو گئے۔
وجے کمار نے ایک گانے کی سبسکرپشن لی تھی لیکن کمپنی نے ان کے اکاؤنٹ سے طے شدہ رقم سے زیادہ کٹوتی کر لی۔ مسئلہ حل کرنے کے لیے انہوں نے گوگل پر کسٹمر کیئر کا نمبر تلاش کیا اور پہلے دکھائے گئے نمبر پر رابطہ کیا مگر یہ نمبر دھوکہ بازوں کا نکلا۔
خود کو کمپنی کا نمائندہ ظاہر کرنے والے شخص نے وجے کمار کے موبائل پر ایک او ٹی پی بھیجا اور پھر ان کی بیوی کے فون پر بھی او ٹی پی بھیجا۔ دھوکہ باز نے ان سے یہ کوڈ شیئر کرنے کو کہا اور جیسے ہی انہوں نے یہ او ٹی پی دیا، ان کے اکاؤنٹ سے 82 ہزار روپے نکل گئے۔ اسی دوران ان کی اہلیہ کے اکاؤنٹ سے بھی 77 ہزار روپے غائب ہو گئے۔
رقم نکلنے کے فوری بعد دونوں نے دھوکہ دہی کا احساس ہونے پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس افسر کے مطابق کمپنی نے اصل میں سبسکرپشن کے لیے صرف 600 روپے کاٹنے تھے، لیکن اضافی رقم کٹنے پر وجے نے گوگل سے نمبر تلاش کیا، جو کہ غلط ثابت ہوا اور ایک بڑی مالی چوری کا سبب بن گیا۔ پولیس نے شکایت درج کر لی ہے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔