تمباکو کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ہے، ڈاکٹر زرفشاں طاہر

   تمباکو کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ہے، ڈاکٹر زرفشاں طاہر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) ڈین انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ (IPH) پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے کہا ہے کہ تمباکو نوشی اور ہر قسم کا تمباکو کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے، تمباکو نوشی امراض قلب، پھیپھڑوں کا  سرطان، دمہ اور تپ دق جیسی بیماریوں کا باعث ہے جبکہ پان میں تمباکو کھانے والے افراد میں منہ اور گلے کا کینسر ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔انہوں نے  ان خیالات کا اظہار تمباکو نوشی کے عالمی دن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے مزید کہا کہ صحت مند زندگی کیلئے سگریٹ نوشی اور تمباکو کا ہر قسم کا استعمال ترک کرنا ضروری ہے۔ ڈین آئی پی ایچ کا کہنا تھا کہ صحت عامہ کے فروغ کیلئے عوامی سطح پر بیماریوں بارے شعور اجاگر کرنے اور عام لوگوں کو غیر صحت مند عادات ترک کرنے کی ترغیب دینا ہوگی۔ ڈاکٹر زرفشاں نے مزید کہا کہ حکومت نے کم عمر بچوں کو سگریٹ کی فروخت اور پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی لگا رکھی ہے لیکن مذکورہ قوانین پر عملدرآمد نہیں ہورہا۔ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے مزید کہا کہ نوجوان نسل میں سگریٹ نوشی، شیشہ، پان اور گٹکا کا بڑھتا ہوا استعمال تشویشنات ہے۔