اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)جماعت اسلامی پاکستان نے کورونا وائرس کی ویکسن کی دستیابی اور اس وباء کے تعلیم اور معیشت پر اثرات سے نمٹنے کیلئے اپنی پالیسیاں جاری کر دی ہیں۔اسلام آباد میں پلڈاٹ کے زیراہتمام جماعت اسلامی پاکستان کے پالیسی ونگ کے ایک اجلاس میں پارٹی کے ارکان نے پارٹی کی پالیسیوں پر گفتگو کے بعد ان کو حتمی شکل دی۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر، جناب ڈاکٹر فرید احمد پراچہ جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، سید وقاص جعفری، ڈپٹی سیکرٹری جنرل، جماعت اسلامی پاکستان، ڈاکٹر طارق سلیم، آصف لقمان قاضی، ڈائریکٹر شعبہ امور خارجہ، جماعت اسلامی پاکستان اور ڈاکٹر خبیب احمد شاہد، مرکزی صدر، پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن نے ایک پریس ٹاک میں پارٹی کی ویکسی نیشن، تعلیم اور معیشت پرحتمی پالیسیوں کا اعلان کیا۔کورونا وائرس ویکسی نیشن کے بارے میں پارٹی کی پالیسی میں کہا گیا ہے کہ میڈیا کو ویکسین کی افادیت اور اس کے بارے میں شبہات کو زائل کرنے کیلئے بھرپور طریقے سے استعمال کیا جائے گا اور میڈیکل شعبے کے قابل بھروسہ، تجربہ کار اور سینئر ڈاکٹرز کی طرف سے عوام کو مثبت پیغام دیا جانا چاہیے۔ پالیسی اس بات پر زور دیتی ہے کہ عوام کے شبہات/خدشات کو دور کرنے کیلئے ہیلپ لائن قائم کی جائے گی اور کورونا ویکسین کے ضمن میں مربوط اور منظم نظام بنایا جائے۔ پالیسی کے مطابق ماسک پہننے پر عمل درآمد کروایا جانا چاہیے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ ہونا چاہیے۔ جماعت اسلامی پاکستان کا ماننا ہے کہ وباء کے تناظر میں اسلامی سماجی مالیاتی نظام جیسے زکوۃ‘ صدقہ‘ وقف‘ تکافل تعاونی اور دیگر کو سیفٹی نیٹ اور غریب پرور اخراجات کی شکل میں حکومتوں کی مالیاتی پالیسی کیساتھ باہم مربوط کیا جانا چاہیے۔
جماعت اسلامی