واسا لاہور کو جدید خطو ط پر استوار کرنے کا فیصلہ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بھر پور استعمال کیا جائیگا


        لاہور(جنرل رپورٹر)واسا لاہور کو جدید خطوط پر استوار کرنا ایم ڈی واسا کی اولین ترجیح،واسا اور پی آئی ٹی بی کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط ایم ڈی واسا غفران احمد کی زیر صدارت اجلاس میں پی آئی ٹی بی کے وفد نے شرکت کی۔ واسا لاہور میں آئی ٹی اصلاحات کو عملی شکل دینے کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پی آئی ٹی بی اور واسا کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ واسا لاہور سے ایم ڈی واسا غفران احمد اور پی آئی ٹی بی سے ڈائریکٹر عاطف حسین نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ایم ڈی واسا غفران احمد نے بتایا کہ واسا لاہور کو صارفین کے لیے جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں شکایات کے بر وقت ازالے کے لیے واسا کی ہیلپ لائن 1334 صارفین کے لیے اہم سنگ میل ہے۔ ہیلپ لائن کو معیاری بنانے کے لیے پی آئی ٹی بی کی تکنیکی مدد جاری رہے گی۔ ایم ڈی نے کہا کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ واسا کی اولین ترجیح ہے۔ ڈی ایم ڈی عبد الطیف، ڈپٹی ڈائریکٹر فضا انجم اور ایکسئین مدثر جاوید شریک ہوئے۔ پی آئی ٹی بی وفد میں ڈائریکٹر عثمان وحید، رابعہ طارق، اور طیبہ جمیل شامل ہوئے۔