121میگاواٹ الائی خواڑ پرجیکٹ کیلئے ڈیم مکمل ، دریا کا رُخ موڑ دیا گیا
لاہور (کامرس رپورٹر) 121میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل الائی خواڑ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیرمیں ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے ۔ پراجیکٹ کے لئے ڈیم مکمل ہو گیا ہے اور گزشتہ روز الائی دریا کا رُخ موڑ دیا گیا ہے ۔ اب دریا کا پانی ڈائی ورشن ٹنل کی بجائے ڈیم کے راستے گزر رہا ہے ۔دریا کا رُخ موڑنے کے بعد الائی خواڑ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے، منصوبہ کے دونوں پاور یونٹس اگلے تین ماہ میں آزمائشی بنیاد پر بجلی کی پیداوار شروع کر دیںگے ۔ڈیم کے علاوہ الائی خواڑ پراجیکٹ کے دیگر اہم حصے یعنی دو اعشاریہ تین کلو میٹر طویل سرنگ،پاور ہاﺅس سٹرکچر اور سوئچ یارڈ پہلے ہی مکمل کئے جاچکے ہیں ۔پراجیکٹ اپنی تکمیل پر سالانہ 56 کروڑیونٹ سستی پن بجلی پیدا کرے گا ،جس کے نتیجے میں اسی مقدار میں تھرمل بجلی کی پیداوار کے لئے تیل پر اٹھنے والے اخراجات کی مد میںہر سال لاکھوں ڈالر کی بچت بھی ہوگی ۔الائی خواڑ منصوبہ تین ہائی ہیڈ ہائیڈرو پاور پراجیکٹس میں سے ایک ہے، یہ منصوبہ پختونخوا صوبہ کے ضلع بٹگرام میں دریائے سندھ کے معاون دریا الائی پر تعمیر کیا جارہا ہے ۔یہ منصوبہ واپڈا کے کم لاگت پن بجلی پیدا کرنے کے ترجیحی پروگرام کا حصہ ہے ۔ اِس پروگرام کے تحت متعدد منصوبے زیرِ عمل ہیں جن میں سے تقریبا 400 میگاواٹ مجموعی پیداوار ی صلاحیت کے6 منصوبے رواں سال ہی مکمل ہو جائیں گے ۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ ایک اور ہائی ہیڈ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ یعنی خان خواڑ نومبر2010 ءسے بجلی پیدا کر رہا ہے اور یہ بجلی نیشنل گرڈ کو مہیا کی جارہی ہے