وہ عرب ملک جہاں غیر ملکیوں کو ڈرائیونگ لائسنس نہیں ملا کرے گا

مسقط(مانیٹرنگ ڈیسک) روزگار کے لیے عمان جانے والے پاکستانی ڈرائیوروں کے لیے بری خبر ہے کہ عمان نے پبلک ٹرانسپورٹ پلان میں تبدیلی لاتے ہوئے تارکین وطن کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا اجراءمحدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔مسقط میونسپلٹی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے عہدیدار ابراہیم الحسنی کا ٹائمز آف عمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مسقط میونسپلٹی، آر او پی اور وزارت ٹرانسپورٹ کی مشترکہ ٹیم نئے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم پر کام کر رہی ہے اور تمام معاملات طے کرنے کے لیے مسلسل اجلاس منعقد کر رہی ہے۔
کچھ روز قبل آر او پی کی طرف سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ وہ کچھ مخصوص تارکین وطن کے لیے لائسنس کا اجراءمحدود کر رہے ہیں جس پر ابراہیم الحسنی کو وضاحت پیش کرنی پڑی اور انہوں نے بتایا کہ یہ قانون تمام تارکین وطن کے لیے برابر ہو گا۔سوشل میڈیا پر عمان حکومت کے اس فیصلے پر مخلوط ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بعض لوگوں نے حکومت کے اس فیصلے کی تائید کی ہے جبکہ باقی کا کہنا ہے کہ اس سے ڈرائیورز کی کمی واقع ہو جائے گی۔ حکومت کو یہ اقدام اٹھانے سے پہلے ان لوگوں کے لیے کوئی متبادل انتظام کرنا چاہیے تھا جو خود گاڑی نہیں چلا سکتے۔