روزنامہ ’’نوائے وقت ‘‘کے روح رواں ،بزرگ صحافی مجید نظامی انتقال کرگئے

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)بزرگ صحافی مجید نظامی86برس کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں ۔روزنامہ نوائے وقت کے روح رواں اور مدیر مجید نظامی گذشتہ کئی روز سے دل کے عارضے میں مبتلا ہونے کی وجہ سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے اور تین روز سے شدید حالت خراب ہونے کی وجہ سے انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا ۔کئی روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے والے مجید نظامی آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی نماز جنازہ آج صبح 9بجے لارنس گارڈن میں ادا کی جائے گی۔مجید نظامی مرحوم ان بزرگ ترین صحافیوں میں سے ایک تھے جنہوں نے تمام عمر صحافت کی اعلیٰ ترین اقدار کی پاسداری کی اور کسی بھی دور یا صورت میں صحافت کی اعلیٰ روایات پر سمجھوتے کے لئے آمادہ نہ ہوئے۔ مجید نظامی 3اپریل1928میں سانگلہ ہل میں پیدا ہوئے ،ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائی سکول سانگلہ ہل سے حاصل کی، ایف اے اسلامیہ کالج لاہور سے جبکہ گریجوایشن گورنمنٹ کالج لاہور سے کیا۔مجید نظامی نے ایم اے سیاسیات کی ڈگری پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کی،اسلامیہ کالج میں تعلیم حاصل کرنے کے دوران مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے سیاست میں متحرک رہے اور تحریک پاکستان کی عملی جدوجہد میں حصہ لیا۔تحریک پاکستان میں انکی اہم خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم نوابزادہ لیاقت علی خان نے انہیں”مجاہد تحریک پاکستان “کا اعزاز دیااور انہیں اعزازی تلوار بھی پیش کی گئی۔تعلیم مکمل کرنے کے بعد مجید نظامی نے عملی طور پر صحافت میں قدم رکھا اور اپنے برادر بزرگ حمید نظامی کے اخبارروزنامہ” نوائے وقت “کے ادارتی سیکشن سے وابستہ ہو گئے اور اپنی تمام زندگی” نوائے وقت“کو صحافت کی بلندیوں پر لے جانے کے لئے سرگرم رہے ۔وزیر اعظم میاں نواز شریف نے مجید نظامی کے انتقال پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے ۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مجید نظامی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجید نظامی کے انتقال سے انہیں ذاتی طور دکھ ہوا ہے۔