زرعی مردم شماری درپیش چیلنجز حل کرنے  میں معاون ثابت ہوگی: وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان

زرعی مردم شماری درپیش چیلنجز حل کرنے  میں معاون ثابت ہوگی: وزیر خزانہ مجتبیٰ ...
زرعی مردم شماری درپیش چیلنجز حل کرنے  میں معاون ثابت ہوگی: وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر خزانہ پنجاب  مجتبیٰ شجاع الرحمان نے آج وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں صوبے کی ساتویں زرعی مردم شماری کے فیلڈ آپریشن کا باقاعدہ  افتتاح کیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے بتایا کہ آج حکومتِ پنجاب اور پاکستان بیورو آف شماریات کے اشتراک سے پنجاب میں ساتویں زرعی مردم شماری 2024 کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کا عنوان "انٹیگریٹڈ ڈیجیٹل کاؤنٹ" رکھا گیا ہے۔ انٹیگریٹڈ ڈیجیٹل کاؤنٹ کے ذریعے صوبے بھر کے زرعی وسائل سے متعلق تفصیلی معلومات کے حصول کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ زرعی مردم شماری کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کے لیے جغرافیائی معلوماتی نظام (GIS) سے استفادہ کیا جائے گا۔ زرعی وسائل کا انٹیگریٹڈ ڈیجیٹل کاؤنٹ زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور پالیسی سازی کے عمل کو مؤثر بنائے گا۔ زرعی مردم شماری کا یہ عمل یکم جنوری سے 10 فروری 2025 تک جاری رہے گا، جس کے دوران پورے صوبے سے  زرعی زمینوں، فصلوں، لائیو سٹاک اور مشینری سے متعلق معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔ اس جدید اور ڈیجیٹل طریقے سے کی جانے والی مردم شماری نہ صرف شفافیت کو یقینی بنائے گی بلکہ زرعی شعبے کو درپیش چیلنجز کو بہتر طور پر سمجھنے اور حل کرنے  میں بھی معاون ثابت ہوگی۔

وزیر خزانہ پنجاب  مجتبیٰ شجاع الرحمان نے مزید کہا کہ پنجاب، جو 29.4 ملین ایکڑ پر محیط زرعی زمین کا حامل ہے، پاکستان کے زرعی شعبے میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ زرعی شعبہ پنجاب کی معیشت میں 24 فیصد کا حصہ دار ہے اور لاکھوں کسانوں کے روزگار کا ذریعہ ہے۔ ڈیجیٹل مردم شماری کے ذریعے اکٹھی  کی گئی تفصیلی معلومات زرعی وسائل کے مؤثر  استعمال کیساتھ ساتھ کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے پالیسیوں کی تشکیل میں بھی معاون ہوں گی جو زرعی شعبہ کا ایک اہم سنگ میل ہے۔پنجاب حکومت وزیرِاعلیٰ مریم نواز  کی قیادت میں اس اقدام کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ "انٹیگریٹڈ ڈیجیٹل کاؤنٹ' کے فیلڈ آپریشن کی افتتاحی تقریب  میں پاکستان ادارہ شماریات اور محکمہ زراعت کے متعلقہ افسران شریک تھے ۔

صوبائی وزیر نے زرعی اعدادوشمار کےآغاز کے لیے ڈیوائس کا کا بٹن دبا کر فیلڈ آپریشن کا باقاعدہ افتتاح کیا جبکہ دیگر شرکاء نے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے اس پنجاب حکومت کے اس مؤثر اقدام کو سراہا اور اس کی کامیابی کے لیے اپنی بھرپور تعاون کا اعادہ کیا۔