اسلام آباد میں شدید طوفانی بارش، کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شدید طوفان سے عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے،میٹرو بسیں روک دی گئیں۔اسلام آباد میں کالی گھٹائوں سے دن میں اندھیرا چھا گیا، مختلف علاقوں میں گرد آلود تیز ہوائیں چل رہی ہیں جس سے کئی مقامات پر درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ،تیز ہواؤں سے عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
صوابی کے بھی مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔بونیر اور گردونواح میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا،گرمی کا زور ٹوٹنے سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا،شہری تفریح کے لیے باہرنکل آئے۔خان پور میں بھی تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی ،ٹیکسلا خان پور روڈ پر بھاری درخت اور بجلی کے پول گرنے سے دونوں اطراف ٹریفک جام ہوگئی ،مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی معطل ہوگئی۔