غم زیادہ ہیں

غم زیادہ ہیں
غم زیادہ ہیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملک عزیز  کا تقریباً 70 فیصد علاقہ سیلاب کی نذر ہوچکا ,  3کروڑ سے زائد لوگ اس سے متاثر ہوئے 1 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں 1500 کے قریب زخمی ہیں. لاکھوں ایکڑ کی فصلیں تباہ ہوئیں لوگوں کی ساری ساری زندگی کی کمائی پانی میں بہہ چکی ہے، گھر سیلاب برد ہوگئے. کروڑوں روپے کے جانور پانی میں بہہ گئے اور باقی بیماریوں کی نذر ہورہے ہیں. جنوبی پنجاب، سندھ، سرحد، بلوچستان اور آزاد کشمیر کے علاقے اس سے شدید متاثر ہوئے ہیں.
وہ المناک مناظر ابھی بھی آنکھوں سے نہیں ہٹتے کہ جس میں چھوٹے چھوٹے بچوں کے لاشے کیچڑ میں لت پت پڑے تھے، لوگ دوسروں کی آنکھوں کے سامنے زندہ بہہ رہے تھے.سوات میں پانی نے سارا انفراسٹرکچر تباہ کردیا ہے. پل ٹوٹ گئے، سڑکیں بہہ گئیں، درخت تنکوں کی طرح پانی میں تیر رہے تھے، کئی کئی منزلہ ہوٹل ڈبیا کی طرح پانی کے ساتھ بہہ رہے تھے.ان قیامت خیز مناظر نے دل رنجیدہ کردیا .
مقتدر طبقہ اس کو خدا کی ناراضگی اور قوم پر عذاب قرار دے کر اپنی غفلتوں، نالائقیوں، غلط فیصلوں  اور غلط پالیسیوں پر مکمل پردہ ڈال چکا ہے.یقیناً یہ مشیت الہٰی ہے اور اسی کریم رب کے فیصلے ہیں لیکن سیلاب میں متاثر ہونے والی غریب عوام سے رب کے ناراض ہونے کی سند مہیا کرنے والوں کو یہ حق کس نے دیا ہے کہ وہ یہ فیصلے صادر فرماتے پھریں؟
غربت و افلاس کی چکی میں پستی اور تنگدستی کی زندگی گزارتی عوام سے اگر رب ناراض  ہے تو جو ایلیٹ کلاس طبقہ ہے، جو اس غریبوں کا خون چوسنے والے ہیں،  جو طاقت، دولت اور شہرت کے نشے میں بدمست ہاتھی بنے ہوئے ہیں، جو اسی غریب قوم کے سارے وسائل پر ظالمانہ طریقے سے قابض ہیں ان کو  سیلاب سے کوئی نقصان نہیں پہنچا،کیا ان سے رب راضی ہے؟دنیا دارالامتحان ہے اس میں انسان کو بھیج کر اللہ پاک نے اختیارات تفویض کیے ہیں اس نے باقی معاملات کو اپنی حکمت و بصیرت  سے بھی نمٹانا ہے.رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی اونٹ کو گرہ لگا کر باندھ کر اللہ کے سپرد کرنے کا حکم دیا ہے.کیا مزید ڈیم نا بنانے کا قصوروار بھی ہم ان کو ٹھہرائیں گے کہ اس وجہ سے بھی ان سے اللہ ناراض ہے؟پاکستان بننے کے 75 سال بعد بھی ہمارا نہری سسٹم وہی چل رہا ہے جو ہمیں انگریز دے کر گیا.اگر نہری نظام کو بہتر کردیا جاتا تو ملک کی زراعت یوں زوال پذیر نہ ہوتی.
زرعی رقبوں کو صفحہ ہستی سے مٹا کر ان پر ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنانا کیا اس غریب قوم کا گناہ کبیرہ ہے؟ملتان میں آم کے پھل دار باغات کو کاٹ کر وہاں پر ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی گئی ساری ملتان کی عوام چیختی رہی کہ ملتان کا یہ قیمتی اثاثہ اور دنیا بھر میں مشہور آموں کا تحفہ دینے والے باغات کو نہ کاٹیں لیکن ان کی کس نے سنی؟
لاہور کو سینکڑوں کلومیٹر پر پھیلا دیا ہے جو روزانہ بجلی کی سپیڈ سے مزید پھیلتا جا رہا ہے اس میں کس کا گناہ ہے؟
المیہ یہ ہے کہ ہماری انتظامی غلطیاں ہیں. ہم خلاف فطرت ڈویلپمنٹ کرتے جارہے ہیں اور جب فطرت ذرا سی جنبش دیتی ہے تو ہم چلا اٹھتے ہیں...سوات کی وادیوں میں پانی کے قدرتی راستوں پر بڑے ہوٹلز، پارکس، ریستوران اور مکانات بنانے کی اجازت کس نے دی تھی؟
وہاں پانی کی رفتار عام دنوں میں اتنی ہوتی ہے کہ اس کی گہرائی چاہے کم ہی ہو لیکن اس پانی کے آگے انسان نہیں ٹھہر سکتا تو عین دریائے سوات اور اس کے مضافات میں اتنے بڑے بڑے ہوٹلز اور عمارتیں بناتے وقت انتظامیہ کہاں تھی؟ہمارے پاس معمول کے مطابق آنے والے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے  کوئی انتظام ہے اور نا معمول سے بڑھ کر آنے والے پانی کو گزارنے کے لیے ہی کوئی انتظام ہے.
ہم اپنی ہر نالائقی کو مشیت الہٰی سے جوڑ کر ستو پی کر سو جاتے ہیں اور پھر کسی اگلے حادثے کے انتظار میں ہاتھ پر ہاتھ دھر لیتے ہیں. سیاسی جماعتوں کا المیہ یہ ہے کہ تینوں بڑی جماعتوں میں آفات اور افتاد کی حالت میں لوگوں کی مدد کرنے کے لیے کوئی تنظیمی ڈھانچہ ہی موجود نہیں ہے.چاروں صوبوں کی عوام کو اپنا غلام اور ان پر حکومت کو صرف اپنا حق سمجھنے والے ان کی مصیبت اور تکلیف میں گہری نیند سوئے نظر آتے ہیں.
لوگ سیلاب میں بہہ گئے،بچوں کی کیچڑ میں لت پت لاشیں نکالی جارہی ہیں، لوگوں کے گھر تباہ ہوگئے،پوری پوری بستیاں مٹ گئیں اور ہمارے سیاستدانوں نےانکی طرف رخ کرناگوارہ نہ کیا.اور جو رہنما ہیلی کاپٹرز پر سیلاب زدہ علاقوں میں فوٹو سیشن کر آئے ہیں ان کے اس دورے سے کتنے لوگوں کو ریسکیو کیا  جاسکا ہے؟کتنے لوگوں تک راشن، ادویات اور خیمے پہنچے ہیں؟ یہ دورے تو الٹے اسی لٹی پٹی قوم کے سرمائے کا مزید ضیاع ہیں...کاش سب وہیں ڈیرےڈال لیتے.

مہذب ممالک میں جتنے حقوق ایک جانور کو حاصل ہوتے ہیں ہمارے ہاں انسانوں کو شاید اتنے بھی میسر نہیں...کسی نے ہیلی کاپٹر کو رکشہ بنایا ہوتا ہے اور 3 کلومیٹر سفر بھی اسی سے  کیا جاتا ہے... ناشتے  اسی سے پہنچتے ہیں تو کہیں کئی جانیں 5 گھنٹے پانی سے لڑ لڑ کر ختم ہوجاتی ہیں مگر  ہیلی کاپٹر  میسر نہیں آتا...سیلاب زدگان کے لیے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر 80 فیصد کام وہ طبقہ کررہا ہے جس کو ہماری قوم 20 فیصد ووٹ بھی نہیں دیتی اور جو 80 فیصد ووٹ حاصل کرتے ہیں وہ منظر سے بالکل غائب ہیں....

۔

 نوٹ:یہ بلاگر کا ذاتی نقطۂ نظر ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

 ۔

 اگرآپ بھی ڈیلی پاکستان کیلئے بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو اپنی تحاریر ای میل ایڈریس ’zubair@dailypakistan.com.pk‘ یا واٹس ایپ "03009194327" پر بھیج دیں۔

مزید :

بلاگ -