فٹبال ورلڈ کپ2034، پانچ سعودی شہر میزبانی کرینگے
ریاض (آئی این پی)سعودی عرب نے فٹ بال ورلڈ کپ 2034کی میزبانی کے لیے اپنے منصوبے کا انکشاف کیا ہے۔ سعودی عرب نے اپنے منصوبے کی تفصیلات میں انکشاف کیا کہ پانچ سعودی شہر ٹورنامنٹ کے مقابلوں کی میزبانی کریں گے، 15سٹیڈیمز میں 48ٹیموں کے درمیان مقابلے ہوں گے۔ خاص طور پر ریاض کا کنگ سلمان سٹیڈیم ورلڈ کپ کے افتتاحی تقریب اور فائنل میچوں کی میزبانی کرے گا،سعودی میڈیا کے مطابق ورلڈ کپ پانچ شہروں ریاض، جدہ، الخبر، ابھا اور نیوم میں منعقد ہوگا، یہ میچز مذکورہ شہروں کے 15سٹیڈیموں میں ہوں گے۔
خاص طور پر نیو کنگ سلمان سٹیڈیم ہے جو دارالحکومت ریاض کے شمال میں ہے اور اسی سٹیڈیم میں 2034کے ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب اور اختتامی میچوں کا انعقاد ہوگا۔ یہ سٹیڈیم سعودی قومی ٹیم کا نیا گھر بن جائے گا۔ریاض میں خاص طور پر قدیہ کے علاقے میں شہزادہ محمد بن سلمان سٹیڈیم میں بھی میچز کا انعقاد رکھا گیا ہے، یہ سٹیڈیم کوہ طویق کی چوٹیوں میں سے ایک پر واقع ہے،ریاض میں میچوں کی میزبانی کرنے والے سٹیڈیمز میں مشہور کنگ فہد سپورٹس سٹی سٹیڈیم بھی ہے، اسے جدید ترین بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا اور اس کی گنجائش 70ہزار سے زیادہ تماشائیوں تک بڑھائی جائے گی، سعودی بولی میں کنگ سعود یونیورسٹی کا سٹیڈیم، نیو سکوائر سٹیڈیم، شہزادہ فیصل بن فہد سپورٹس سٹی سٹیڈیم، روشن سٹیڈیم اور ساتھ ریاض سٹیڈیم بھی شامل ہیں۔ اسی طرح جدہ کے مرکز میں جو سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔ اس کا تعمیراتی ڈیزائن مقامی ورثے اور تاریخی جدہ خطے کے لکڑی کے روایتی فن تعمیر سے متاثر ہے، کنگ عبداللہ اکنامک سٹی سٹیڈیم میں ساحلی سٹیڈیم کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا،بحیرہ احمر میں حیرت انگیز مرجان کی چٹانوں اور شہر کی متحرک برادری سے متاثر ہوکر اس کا ڈیزائن تیار کیا جائے گا۔ جدہ میں قدیہ بیچ سٹیڈیم، کنگ عبداللہ اکنامک سٹی سٹیڈیم، اور جدہ میں کنگ عبداللہ سپورٹس سٹی سٹیڈیم بھی فٹ ورلڈ کپ 2034کی میزبانی میں شامل ہیں۔الخبر میں نیا آرامکو سٹیڈیم خلیج عرب کے ساحل پر ہے جو سمندر سے متاثر ایک متحرک ڈیزائن کی خصوصیت رکھتا ہے۔ اس کی گنجائش کو 45 ہزار تماشائیوں تک بڑھایا جائے گا۔توقع کی جارہی ہے کہ نیوم سٹیڈیم دنیا کا سب سے ممتاز سٹیڈیم ہوگا کیونکہ یہ "دی لائن کے ڈھانچے کے اندر سطح سمندر سے 350میٹر سے زیادہ کی بلندی پر واقع ہے،سٹیڈیم کی توانائی میں ہوا کی توانائی اور شمسی توانائی دونوں شامل ہیں۔ یہ پوری دنیا میں سٹیڈیم کی سطح پر معیار کی ایک تاریخی چھلانگ سمجھا جاتا ہے۔سعودی عرب کے جغرافیائی رقبے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اور اس کے متنوع خطوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فٹ بال ورلڈ کپ 2034کی میزبانی کا منصوبہ میزبان شہروں کو سپورٹ کرنے والے 10شہروں تک پھیلایا جائے گا۔ ان شہروں میں کچھ حصہ لینے والی ٹیموں کے کیمپ ٹورنامنٹ سے پہلے اور اس کے دوران منعقد کیے جائیں گے۔رہائش کے حوالے سے سعودی منصوبے میں میزبان شہروں میں وی آئی پیز، بین الاقوامی فیڈریشن کے وفود، شرکت کرنے والی ٹیموں، میڈیا پروفیشنلز اور ٹورنامنٹ کے شائقین کے لیے 2لاکھ 30ہزار کمرے مہیا کئے جائیں گے۔ ٹیم ٹریننگ سینٹرز کے حوالے سے 15شہروں میں 132ٹریننگ ہیڈ کوارٹرز تجویز کیے گئے تھے جو 48حصہ لینے والی ٹیموں اور ان کے ساتھ آنے والے وفود کی میزبانی کریں گے۔ تربیتی کیمپوں کے لیے 72سٹیڈیم کو نامزد کیا جائے گا۔ دو ٹریننگ ہیڈ کوارٹرز ریفریز کے لیے بھی ہوں گے۔