حضرت عائشہ صدیقہؓ کا یوم وفات آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائیگا
لاہور (پ ر) اُم المؤمنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہؓ کا یوم وفات آج17رمضان المبارک بمطابق 2 جون بروز ہفتہ ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا یوم وفات کے موقعہ پر مختلف تنظیمیں اور جماعتیں ملک کے تمام بڑے شہروں میں جلسے سیمینار اور دیگر تقریبات منعقد کریں گی جس میں مقررین ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہؓ کے فضائل و مناقب ، روشن زندگی اور سیرت و کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کو زبردست خراج عقیدت پیش کریں گے جبکہ یوم وفات کے سلسلہ میں آج 17 رمضان المبارک کو تمام قومی اخبارات خصوصی اشاعت کا اہتمام ریڈیو ، ٹی اور دیگر ذرائع ابلاغ ام المؤمنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہؓ کے فضائل و مناقب اور سیرت وکردار پر خصوصی پروگرام پیش کریں گے ام المؤمنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا وہ خوش قسمت ترین عورت ہیں کہ جن کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ محترمہ اور ’’ام المؤمنین‘‘ ہونے کا شرف اور ازواج مطہرات میں ممتاز حیثیت حاصل ہے۔ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہؓ سے حضور اکرم ﷺ کی 2210 احادیث مروی ہیں،قرآن و حدیث اور تاریخ کے اوراق آپ کے فضائل و مناقب سے بھرے پڑے ہیں اور روشن ہیں۔۔۔ ام المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہؓ خود فرماتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے 9 باتیں ایسی عطا فرمائی ہیں جو دنیا میں میرے سوا کسی کو عطا نہیں ہوئیں۔