بہو کا ریپ کرنے پرشانگلہ میں بیوی نے شوہر کو قتل کردیا
شانگلہ(این این آئی) ضلع شانگلہ کے علاقے الپوری میں ایک خاتون نے اپنی بہو سے مبینہ ریپ کرنے پر اپنے ہی شوہر کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔
تفصیلا ت کے مطابق الپوری کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) امجد علی خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک شخص کو جمعرات کو گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات کے دوران پولیس نے مقتول کی بیوی، بیٹے اور بہو کو گرفتار کیا اور دوران تفتیش مقتول کی اہلیہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ انھوں نے اپنی بہو کو متعدد مرتبہ مبینہ طور پر ریپ کا نشانہ بنانے پر اپنے شوہر کو قتل کیا۔ڈی ایس پی کے مطابق مقتول کی اہلیہ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بیٹے کی شادی تقریباً 9 ماہ قبل ہوئی، جس کے فوری بعد ہی ان کے شوہر نے اپنی بہو کو تنگ کرنا شروع کردیا تھا۔خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ان کے شوہر نے اپنی بہو کو کئی مرتبہ ریپ کا نشانہ بنایا جبکہ ماہ رمضان میں بھی اپنی حرکتوں سے باز نہیں آرہاتھا جس پرخاتون نے بہو کو مسلسل ریپ کا نشانہ بنانے کی پاداش میں اپنے شوہر کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا۔
خاتون نے بتایا کہ انہوں نے رات کو اپنی بہو کی مدد سے اپنے شوہر کو اْس وقت کلاشنکوف سے فائرنگ کرکے ہلاک کیا جب وہ سو رہا تھا۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راحت اللہ خان کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث تینوں ملزمان کو حراست میں لیا جا چکا ہے جبکہ ان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302 کے تحت قتل کا مقدمہ درج کیا جاچکا ہے۔