عدالتی اصلاحات اور ۔ ۔ ۔
گزشتہ دنوں منعقدہ "عاصمہ جہانگیر کنونشن" سے خطاب کرتے ہوئے "مستقبل کے ممکنہ چیف جسٹس" سید منصور علی شاہ نے اپنی تقریر کا اختتام ایک شعر سے کیا تو ایک سیاسی جماعت کے کچھ لوگوں نے اس کو سوشل میڈیا پر مختلف رنگ دینے کی کوشش کی.
انہوں نے اپنی تقریر کے اختتام پر پڑھا :
مٹ جائے گی مخلوق تو انصاف کرو گے
منصف ہو تو تم حشر اٹھا کیوں نہیں دیتے
اس کے بعد گویا کہ یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ جیسے انہوں نے یہ بات موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کیلئے کی ہو. تاثر یہ دیکھنے کو ملا کہ ان کا یہ بیان بھی خاصا بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا جس میں انہوں نے عدلیہ کے اوپر کسی قسم کا کوئی دباؤ برداشت نہ کرنے کا دوٹوک موقف اپنایا.
The People's Mandate,
Safeguarding civil rights in South Asia
کے نعرے پر منعقدہ دو روزہ عاصمہ جہانگیر کنونشن کے سیشن " شہری حقوق کے تحفظ میں عدلیہ کا کردار" میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے جسٹس منصور علی شاہ نے پاکستان میں عدلیہ کی تاریخ پر ندامت کا اظہار کیا اور اس کو بہتر بنانے کے لیے خاصی پرکشش تجاویز دیں.
انہوں نے کہا کہ آئین کے شروع میں ہی یہ درج ہے کہ "عدلیہ آزاد ہوگی" اب یہ کسی صورت بھی ممکن نہیں کہ ہم عدلیہ کی آزادی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ کریں اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کردیا کہ اس معاملے میں عدلیہ یکجا ہے اور ان کے درمیان ہر قسم کا اتفاق ہے.
انکا کہنا تھا کہ عدلیہ کی بابت آئین تین باتیں صاف طور پر کہتا ہے وہ یہ کہ:
°عدلیہ آزاد ہوگی.
°عدلیہ سستا انصاف فراہم کرے گی.
° عدلیہ آسان انصاف فراہم کرے گی.
انہوں نے واضح کہا کہ وہ عدلیہ کی تاریخ پر فخر نہیں کرسکتے اور نا اس کا دفاع کرسکتے ہیں کیونکہ اس میں سیاہ باب ہیں لیکن ماضی کے اچھے فیصلے بھی موجود ہیں.کچھ فیصلے غلط اور برے بھی ہوسکتے ہیں لیکن 4000 ججز میں سے روزانہ کام کرنے والے 3000 ججز سارے کے سارے تو غلط نہیں ہوسکتے.وہ ڈلیور بھی کررہے ہیں اور اچھا کام بھی کررہے ہیں. 2023 میں تقریباً 14 لاکھ سے زائد کیسز انہی ججز نے نمٹانے ہیں.
یہ تو بالکل نہیں کہا جاسکتا کہ عدلیہ بالکل ہی مفلوج ہے لیکن البتہ ان میں ایسے فیصلے بھی ہیں کہ جو اچھے فیصلوں پر بعد میں حاوی ہوجاتے ہیں.عدالتی نظام کی سستی کو بھی انہوں نے کھلے دل سے قبول کیا اور کہا کہ واقعی ہمارا عدالتی نظام بہت سست ہے جس میں ضلعی عدالتوں سے سپریم کورٹ تک کیس کو پہنچنے میں 20 سال لگ جاتے ہیں.
اس وقت بھی 24 لاکھ سے زائد کیسز زیرالتواء ہیں جن میں ضلعی عدالتوں کی کارکردگی بہت ہی زیادہ بری ہے کیونکہ 20 لاکھ سے زائد کیسز تو صرف وہاں پر پڑے ہوئے ہیں.اگر ضلعی عدالتوں سے رپورٹ مانگی جاتی ہے تو وہ ایکسل شیٹ پر کیسز کی تعداد اور نوعیت لکھ کر ارسال کردیتے ہیں جس میں سے کیسز کی موجودہ صورتحال اور التواء میں رہنے کے جواز کی ہی سمجھ نہیں آتی.
انہوں نے اس مسئلے کے حل کے لیے ٹیکنالوجی کی مدد لینے کا اعلان کیا اور بتایا کہ ہم ایسی ایپ بنانے جارہے ہیں کہ جس میں ہر ضلع میں درج کیسز کو تین رنگوں میں تقسیم کیا جائے گا اور واضح طور پر ان کیسز کی بابت جانا جاسکے گا کہ ان کی التواء کی وجہ کیا ہے اور یہ آگے کیسے بڑھ سکتے ہیں.اس کے ساتھ ساتھ یہ ہر کیس کی Life history اس میں درج ہوگی اور یہ آسانی سے جانا جاسکے گا کہ یہ کیس درج کب ہوا اور اس کے بعد کی سماعتوں میں کیا کیا ہوتا آیا ہے اور اب نمٹانے میں تاخیر کی وجہ کیا آرہی ہے.
انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی کے بغیر ممکن نہیں ہے اور اس کے لیے اب ہم واضح طور پر اقدامات لینے جارہے ہیں جس کے لیے اعلیٰ عدلیہ مکمل طور پر متفق ہے.انہوں نے انفرادیت کی بجائے سسٹم کو مظبوط کرنے کا بھی عندیہ دیا اور اس کی مثال میں انہوں نے موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کو خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے خود کو طاقتور رکھنے کی بجائے اپنی طاقت کا کافی حصہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ میں سسٹم کے حوالے کردیا ہے اور یہ ایک اچھا آغاز ہے جس میں اب یہ کوئی شخص طے نہیں کرے گا کہ کیس کہاں لگے گا اور اس کو کون سنے گا بلکہ یہ فیصلہ اب سسٹم کرے گا جس کا عدالتی نظام انصاف کو بہت فائدہ ہوگا.
اس کے بعد انہوں نے ججز کی تعیناتی کے طریقہ کار کو بھی تبدیل کرنے کے حوالے سے بھی بات کی اور اس میں بھی اصلاحات لانے کی بات کی انہوں نے کہا کہ ضلعی عدالتوں کے لیے ججز کے امتحانات کے معاملے میں بہت زیادہ چیزیں درست کرنے جارہے ہیں کیونکہ ماضی میں بہت زیادہ ججز کی تعیناتی جعلی امتحانات کے ذریعے ہوئی ہے جس کا خمیازہ پوری قوم نے بھگتا. اس کے ساتھ ہی انہوں نے اعلی عدلیہ کی تعیناتی کے عمل کو بھی مزید بہتر بنانے کے لیے سپریم کورٹ کے ججز کے جاری اجلاس کی بابت بتایا.
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ موجودہ اعلی عدلیہ کا اس پر بھی اتفاق ہے کہ جو جج کام نہیں کررہا اب اس کو اٹھا کر باہر پھینکا جائے گا اور کرپشن اور نااہلی پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہوگی. اس میں بھی انہوں نے موجودہ چیف جسٹس کا واضح منشور بتایا کہ وہ اس معاملے میں بہت سنجیدگی سے اقدامات لینے جارہے ہیں.
اس بابت انہوں نے وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ کو مخاطب کرکے کہا کہ موجودہ عدالتی نظام کو 1940 اور 1860 کے قوانین کے ذریعے چلایا جا رہا ہے پوری دنیا میں عدلیہ کے لیے جدت کے ساتھ ساتھ جدید قوانین بنتے آئے ہیں لیکن ہم ہی کہ ٹس سے مس نہیں ہوئے.
اس بابت ویسے کتنی شرمناک بات ہے کہ جن لوگوں کو ہم عوام فقط قانون سازی کے لیے بھیجتے ہیں وہ قومی اسمبلی کے ایک دن کے اجلاس میں تقریباً 6 کروڑ روپیہ لگا کر بھی عوام کو جدید طرز پر قانون سازی کرکے دینے کی بجائے ابھی تک گلیوں، نالیوں اور کھمبوں کی سیاست سے باہر نہیں نکل رہے ہیں، ہم عوام کو بھی اپنے اپنے منتخب نمائندے سے ضرور سوال کرنا چاہیے کہ ہم نے آپ کو سسٹم کو بدلنے کے لیے بھیجا تھا آپ نے ہمارے لیے وہاں کیا کارنامہ سرانجام دیا ہے؟
خیر اس کے بعد انہوں نے کیسز لگائے جانے کے عمل کو شفاف بنانے کی بابت تفصیل سے بات کی اور پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کا کافی اطمینان کا اظہار کیا کہ اس کی وجہ سے یہ عمل اب کافی شفاف ہوجائے گا.انہوں نے تسلیم کیا کہ ہمارے ادارے میں مافیاز کا راج ہے اس لیے اس میں اب شخصیات کی بجائے سسٹم کو مظبوط کرنے کی ضرورت ہے.
انہوں نے یہ بھی شکوہ کیا کہ پوری دنیا میں 90 فیصد تنازعات کا حل ADR سسٹم کے ذریعے نکالا جاتا ہے اور فقط 10 فیصد کیسز عدالتوں میں آتے ہیں جبکہ ہم نے اپنے پنجایت سسٹم اور جرگہ سسٹم کو بالکل مفلوج کردیا ہے اس کے متبادل کے طور پر پاکستان بھر کے 138 اضلاع میں مصالحاتی مراکز قائم کیے جائیں گے جہاں پر مل بیٹھ کر لوگوں کے تنازعات کا حل نکالا جاسکے گا.
روزانہ 70 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوجاتے ہیں جنہیں 3000 یا 4000 ججز کے ذریعے حل کرنا بھی انہوں نے ناممکن عمل قرار دیا کیونکہ دنیا بھر میں 10 لاکھ لوگوں کے لیے 90 سے زائد ججز موجود ہیں جبکہ ہمارے ہاں 10 لاکھ کے لیے صرف 13 جج دستیاب ہیں.حالانکہ دنیا بھر میں صرف 10 فیصد کیسز ججز کے پاس لائے جاتے ہیں جبکہ یہاں تو 100 فیصد کیسز لائے جاتے ہیں.
اس عالمی معیار کے مطابق ملک بھر میں 21000 ججز درکار ہیں جبکہ ہمارے پاس صرف 4000 ہیں.انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ عالمی جاری کردہ رپورٹ میں پاکستانی عدلیہ کا نمبر 142 واں ہے جس کی وجہ سے پوری قوم کی طرف سے ہمیں اچھی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا.اس کے علاوہ انہوں نے غلط مقدمہ بنانے پر سزا کے طور پر سارے اخراجات اس مقدمہ بنانے والے پر ڈالنے کی بھی تجویز دی اور ساتھ بتایا کہ یہ بہت ضروری ہے اور دنیا بھر میں رائج ہے کیونکہ یہ بہت بڑا مسئلہ ہے.
کمرشل عدالتوں کا قیام،عدالتوں میں خواتین کی تعداد کو 50 فیصد تک لانے کا عزم، ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال، ججز کی تعیناتی کا عمل شفاف، کرپشن و نااہلی پر زیرو ٹالرنس، نیا اور بہترین عدالتی نظام، آزاد عدلیہ اور متحد اور یکجا عدلیہ کے پیغام کے بعد انہوں نے یہ شعر پڑھا تھا لیکن ہمارے ہاں ہر بات کو ناجانے کیوں سیاست کی نذر کردینے کی عادت پڑ چکی ہے.
۔
نوٹ: یہ مصنف کا ذاتی نقطہ نظر ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ۔
۔
اگرآپ بھی ڈیلی پاکستان کیلئے لکھنا چاہتے ہیں تو اپنی تحاریر ای میل ایڈریس ’zubair@dailypakistan.com.pk‘ یا واٹس ایپ "03009194327" پر بھیج دیں۔