بہاولنگر میں نابالغ بچی کا بوڑھےشخص سے نکاح ،پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی اور پولیس کاایکشن،بچی کو ریسکیو کرواکر شیلٹر ہوم منتقل کردیا
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعلیٰ پنجاب کے عزم مطابق خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد کی روک تھام کے لیے"نیوز اگین" مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ بہاولنگر میں نابالغ بچی کے زائد العمر شخص کے ساتھ نکاح پر پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی نے پولیس کی مدد سےایکشن لیتے ہوئے متاثرہ بچی کو ریسکیو کرواکر شیلٹر ہوم میں منتقل کردیا۔چیئر پرسن پی ڈبلیو پی اے حنا پرویز بٹ نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بہاولنگر کا ہنگامی دورہ کیا اور بچی سے ملاقات کی۔ متعلقہ تھانے کی پولیس نے حنا پرویز بٹ کو واقعے کے متعلق بریفنگ دی۔
تفصیلات کے مطابق نابالغ بچی کا نکاح زبردستی 45 سالہ شخص کے ساتھ کیا گیا تھا. پولیس ہیلپ لائن 15 پر وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او نے بچی کو ریسکیو کیا اور مقدمہ کا اندراج کرکے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس نے بچی کو فوری طور پر بحفاظت شیلٹر ہوم میں داخل کروایا جہاں متاثرہ بچی کے ساتھ انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ اس موقع پر چئر پرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ متاثرہ بچی کی مالی و قانونی معاونت کی جائے گی۔ خواتین اور بچوں کے ساتھ جنسی ہراسگی سمیت ہر قسم کے تشدد کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جارہے ہیں.
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ورچوئل وویمن پولیس اسٹیشن اور ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کو بمطابق قانون قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔