پنجاب میں عوام سے رابطے بہتر بنانے کیلئے افسران کو کھلی کچہری لگانے کا حکم دیدیا گیا
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں ساڑھے چار گھنٹے طویل اجلاس ہوا، جس میں وزراء،ارکان اسمبلی اورٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے عوامی رابطے بہتر بنانے کیلئے افسروں کو کھلی کچہریاں لگانے کا حکم دیا۔ سرکاری سکولوں میں انگلش سپوکن کلاس شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر کو سکولوں اور ہسپتالوں کے متواتر وزٹ کرنے کی ہدایت کی۔ڈیرہ غازی خان کے ارکان اسمبلی نے روٹی اورآٹا سستا کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا ہے اورارکان اسمبلی نے فیلڈ ہسپتالوں اور کلینک آن وہیل پراجیکٹ کو سراہا۔ چیف منسٹر انیشیٹوز پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ڈی جی خان میں روٹی، آٹا اور سبزیوں کے نرخ دریافت کیے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ نکاسیٔ آب میں بہتری کیلئے پنجاب بھر میں واسا قائم کریں گے۔دفاتر میں جو لوگ کام نہیں کرتے، ان سے نجات حاصل کرلی جائے۔ ڈورن کے ذریعے صفائی کے عمل کی ڈیجیٹل نگرانی کی جائے۔ بس اڈے پر مسافروں کی سہولت کے پیش ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ کسان کارڈ پراجیکٹ میں کاشتکاروں کی دلچسپی قابل قدر ہے۔ شہروں میں مویشی رکھنے کی ممانعت ہے۔ جانور باہر منتقل کئے جائیں۔ سڑکوں میں پڑے گڑھے فوری طور پر مرمت کئے جائیں۔ شہروں میں ویران اور بنجر ایریاز پر شجرکاری کی جائے۔ پولیس اور انتظامیہ کا اصل فیڈ بیک عوام کے ذریعے سامنے آتا ہے۔ پولیس افسران خود فون کرکے عوام سے مسائل کے حل کے بارے میں دریافت کریں۔
انہوں نے کہاکہ کرائم سے نمٹنے کیلئے پوری تیاری ہونی چاہیے۔ یکساں ڈیزائن کی ریڑھیوں کو مقررہ مقام پر رہنے کا پابند بنا یا جائے۔ ”ستھرا پنجاب“پر پیش رفت کا جائزہ،ارکان اسمبلی نے تجاویز پیش کیں۔ڈی جی خان میں ایجوکشن رینکنگ اور ہیلتھ انڈیکیٹر کا بھی جائزہ لیاگیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہسپتالوں سے ادویات کی چوری اور ڈاکٹروں کی غیر حاضری کی شکایات پر برہمی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں سے میڈیسن چوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ فنکشنل واٹر فلٹر یشن پلانٹ سٹریٹ لائٹس کے بارے میں رپورٹ پیش کی گئی۔ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں جاری ڈویلپمنٹ پراجیکٹ سے آگاہ کیاگیا۔آر پی او ڈیرہ غازی خان نے امن و امان کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلی نے جرائم میں کمی کے رحجان کو سراہا۔
سینئر منسٹر مریم اورنگزیب،صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی زاہد بخاری، وزیر تعلیم رانا سکندر حیات،وزیر معدنیات شیر علی گورچانی،ایم پی اے ثانیہ عاشق،معاون خصوصی ذیشان ملک،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ہوم سیکرٹری نور الامین مینگل،اے سی ایس ساؤتھ فواد ربانی،اے آئی جی کامران خان،سیکرٹری سکولز،کمشنر،آر پی او اوردیگر حکام بھی موجود تھے۔