افغان شہریوں کی واپسی کیلئے طورخم بارڈر کھول دیا گیا
چمن (ڈیلی پاکستان آن لائن)عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پاک افغان سرحد طورخم بارڈر بند تھا جسے آج یک طرفہ طور پر کھول دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق طورخم بارڈر کھولنے کے بعد پاکستان میں پھنسے افغان شہریوں کو افغانستان جانےکی اجازت دےدی گئی ہے جبکہ طورخم سرحد 9 اپریل تک کھلی رہے گی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 9اپریل تک یومیہ ایک ہزار افغان شہری واپس اپنے ملک جاسکیں گے جبکہ بڑی تعداد میں افغان شہری افغانستان واپس جارہے ہیں۔سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پیدل افغانستان جانے والوں کو بائیومیٹرک سسٹم سے گزارا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے طورخم اور چمن بارڈر 6 سے 9 اپریل تک کھولنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے مطابق آج بارڈر کھول دیا گیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق عائشہ صدیقی افغان حکومت کی خصوصی درخواست اور انسانی ہمدردی پر چمن اور طورخم بارڈر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔