آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے ہو بھی گئے تو وہ سب مصنوعی ہوگا، خورشید شاہ
سکھر (ڈیلی پاکستان آن لائن) رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہمیں مستقل بنیادوں پر مسائل کا حل نکالنا ہوگا،آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے ہو بھی گئے تو وہ سب مصنوعی ہوگا،ملک میں تمام تر وسائل ہونے کے باوجود بھی مسائل حل نہیں ہورہے،پتہ نہیں کس طرح کی مجبوریاں ہیں۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پی پی نے منشور میں تین سو یونٹ کی بات کی تھی،ہم تین سو یونٹ تک کے سولر سسٹم دے رہے ہیں،لیکن اس میں وقت لگے گا۔اپوزیشن کےاحتجاج سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو مار دھاڑسوٹ کرتی ہے،پارلیمنٹ میں شور کرنے سے کچھ نہیں ہوتا، پارلیمنٹ میں شور ہوتا ہے تو ہم انجوائے کرتے ہیں،جلسے جلسوں سے حکومتیں نہیں جاتیں،عمران خان کی حکومت احتجاج سے نہیں گئی،پارلیمنٹ نے عمران خان کی حکومت کا خاتمہ کیا۔
خورشید شاہ نے نگران دور حکومت پر بھی تنقید کی، کہانگران سیٹ اپ میں کوئی سوال کرنے والا نہیں تھا اس لئے سول ہسپتال سمیت دیگر اداروں میں حال برا ہوا،اندرون سندھ میں صحت کے حوالے سے بہت مسائل ہیں،محکمہ ہیلتھ میں کرپشن بہت ہے جس کے باعث مسائل سامنے آتے ہیں ۔