آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کیخلاف بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر عائد اعتراضات کالعدم قرار
![آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کیخلاف بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر عائد اعتراضات کالعدم قرار](https://dailypakistan.com.pk/digital_images/large/2025-02-07/news-1738907037-1204.jpg)
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ آئینی بنچ نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کیخلاف بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر عائد اعتراضات کالعدم قرار دے دیئے،آئینی بنچ نے کہاکہ جو کیس دل کیا سن لیا ورنہ کہہ دیا پہلے ہائیکورٹ جائیں،براہ راست درخواستیں سنتے رہے تو آرٹیکل 199 غیرموثر ہو جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سپریم کورٹ آئینی بنچ میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کیخلاف بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5رکنی بنچ نے سماعت کی،عدالت نے کہاکہ ترامیم کیخلاف پہلے ہائیکورٹ سے رجوع کیوں نہیں کیاگیا؟وکیل نے کہاکہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ سے لوگوں کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں،عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ آرٹیکل184/3میں قوانین کیخلاف درخواستیں مرضی سے سنتی رہی،جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ جو کیس دل کیا سن لیا ورنہ کہہ دیا پہلے ہائیکورٹ جائیں،براہ راست درخواستیں سنتے رہے تو آرٹیکل 199 غیرموثر ہو جائے گا، وکیل بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ یہ فیصلہ رجسٹرار نہیں، عدالتی کر سکتی ہے،عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر عائد اعتراضات کالعدم قراردیتے ہوئے باضابطہ نمبر الاٹ کرنے کی ہدایت کردی،عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونےپر دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی۔