مسولینی کے پیروکار

مسولینی کے پیروکار
مسولینی کے پیروکار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ابو یحییٰ

دوسری جنگ عظیم انسانی تاریخ کی سب سے زیادہ تباہ کن جنگ تھی جس میں کروڑوں لوگ مارے گئے۔ اس جنگ کے پھیلنے کی بنیادی وجہ ہٹلر کا ایک ایک کر کے یورپ کے کئی ممالک پر قبضہ کرنا تھا۔ اس جنگ میں ہٹلر کے ساتھ جاپان اور اٹلی بھی تھے اور ان کے اتحاد کو محوری (Axis) قوتوں کا اتحاد کہا گیا۔ اس اتحاد کو آخر کار جنگ میں شکست ہوگئی اور اتحادی (Allied) قوتیں یہ جنگ جیت گئیں۔
اس زمانے میں اٹلی میں ہٹلر کا قریبی اتحادی مسولینی حکمران تھا۔ مسولینی کا مقصد رومن ایمپائر کا احیا اور اٹلی کی عظمت کی بحالی تھی۔ وہ ایک اعلیٰ پائے کا مقرر اور مصنف تھا۔ اس نے اٹلی کی پوری قوم کو ایک قوم پرستانہ جنون سے بھر دیا۔ وہ لوگوں میں اتنا مقبول تھا کہ اس نے فاشزم کے جبر کو پوری قوم پر مسلط کر دیا اور قوم نے خوشی خوشی یہ جبر اس لیے قبول کیا کہ اس کے ذریعے سے وہ رومی سلطنت کی عظمت رفتہ کو پالیں گے۔
تاہم اٹلی باقی یورپی اقوام کے مقابلے میں بہت کمزور ملک تھا۔ چنانچہ جب عملی طور پر اٹلی جنگ عظیم میں اترا تو اسے برطانیہ کے ہاتھوں پے در پے شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ہٹلر مشکل میں اٹلی کو بچانے آیا مگر اٹلی کی کمزوری کی بنا پر آخر کار جرمنی کو بھی اس محاذ پر شکست ہوگئی۔ افریقہ کے اپنے مقبوضات میں شکست کے ساتھ خود اٹلی پر اتحادیوں کا قبضہ ہوگیا اور مسولینی کو قتل کردیا گیا۔ اٹلی کی اس شکست سے خود جرمنی بھی بہت کمزور ہوگیا۔
اس دنیا میں جذباتی باتیں کر کے لوگوں کے جذبات کو بھڑکانا بہت آسان کام ہے۔ مگر عملی طور پر اپنی کمزوریوں کو دور کیے بغیر میدان میں اترنے والے لوگوں کا انجام مسولینی جیسا ہوتا ہے۔ یہ لوگ عظمت رفتہ کے خواب دکھاتے ہیں مگرعملی طور پر موجودہ ملک پر بھی دشمنوں کا قبضہ کرا دیتے ہیں۔ ایسے لیڈر خود بھی ڈوبتے ہیں اور دوسروں کو بھی لے ڈوبتے ہیں۔

 نوٹ: روزنامہ پاکستان میں شائع ہونے والے بلاگز لکھاری کا ذاتی نقطہ نظر ہیں،ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید :

بلاگ -