ڈاکوﺅں نے ریسکیو 1122کے آفیسر کو اغواءکرکے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کر دیا
بہاولپور(مانیٹرنگ ڈیسک) بہاولپور کے قریب کچے کے ڈاکوﺅں نے ریسکیو 1122کے ایک آفیسر کو اغواءکرکے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کر دیا۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق ڈاکوﺅں کی طرف سے سلیم ہاشمی نامی مغوی کی ایک ویڈیو اس کی فیملی کو بھیجی گئی ہے۔
ویڈیو میں مغوی سلیم ہاشمی اپنی فیملی سے کہہ رہا ہوتا ہے کہ تاوان کی رقم کا جلد بندوبست کرکے اسے رہا کرایا جائے۔ رپورٹ کے مطابق سلیم ہاشمی کو 15فروری کو اغواءکیا گیا تھا۔ اس واردات کا مقدمہ نامعلوم اغواءکاروں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122کے اعلیٰ حکام کی طرف سے آئی جی پنجاب کو ایک خط کے ذریعے درخواست کی گئی ہے کہ سلیم ہاشمی کی بازیابی کے لیے فوری ایکشن لیا جائے۔ دوسری طرف ریسکیو 1122کی ٹیموں نے تاوان کی رقم اکٹھی کرنے کے لیے پنجاب بھر میں چندہ جمع کرنا شروع کر دیا ہے۔