اردو زبان دنیا کے 30 سے زائد ممالک میں بولی جاتی ہے

اردو زبان دنیا کے 30 سے زائد ممالک میں بولی جاتی ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نیوز رپورٹر) اردو زبان دنیا کے 30 سے زائد ممالک میں بولی اور سمجھی جاتی ہے مجموعی طور پر دنیا کے ایک ارب سے زائد لوگ اردو بولتے اور سمجھتے ہیں۔ دنیا کے جن ممالک میں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے ان میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کینیڈا، جرمنی، امریکہ، ایران، افغانستان، تاجکستان، ازبکستان، مالدیپ، کویت، قطر، بحرین، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، فجی، ٹرینڈا، ٹوکیو، گھانا، کینیا، لیبیا، ملاوی، آئرلینڈ اور برطانیہ شامل ہیں۔ دنیا میں 15کروڑ سے زائد افراد کی مادری زبان اردو ہے جبکہ اردو دنیا کی پانچویں سب سے زیادہ بولی اور سمجھی جانے والی زبان بھی ہے۔ اردو پاکستان کی قومی زبان ہے اور تمام صوبوں اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بولی اور سمجھی جاتی ہے‘ پاکستان میں اردو زبان ایف اے تعلیم تک لازمی قرار دی گئی ہے جس کے باعث پاکستان کے 16کروڑ عوام خواہ ان کی مادری زبان پنجابی، سندھی، بلوچی، پشتو، گجراتی، سرائیکی، پوٹھوہاری یا کشمیری ہو، وہ نہ صرف اردو بولتے اور سمجھتے ہیں بلکہ کافی حد تک لکھتے بھی ہیں اس کے علاوہ افغانستان، بنگلہ دیش، تاجکستان اور ازبکستان وغیرہ سے ہجرت کر کے آنے والی کئی لاکھ مہاجر بھی اردو بولتے اور سمجھتے ہیں۔ بھارت میں زیادہ تر یو پی، سی پی، مہاراشٹر کے صوبوں اور بالخصوص لکھنو¿، حیدر آباد دکن، بنگلور،ملیسور، اجمیر، ممبئی، چنائی، دہلی، احمد آباد، جے پور، ادھے پور اور بھوپال جیسے بڑے اور چھوٹے شہروں میں بولی اور سمجھی جاتی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -