خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی،ایک ماہ میں دوسری مرتبہ پل ٹوٹ کر دریا میں گر گیا
شانگلہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) خیبر پختون خوا کے مالاکنڈ ڈویژن کے ضلع شانگلہ میں ایک ماہ کے دوران دوسرا پْل ٹوٹ کر دریا میں جا گرا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع شانگلہ کے پی کے میں یونین کونسل رانیال کا واحد رابطہ پل ٹوٹ گیا ہے، پل ٹوٹنے سے ایک گاڑی بھی دریا میں گر گئی تاہم اس کے ڈرائیور کو بچا لیا گیا۔پل ٹوٹنے سے 50 ہزار آبادی کا رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہو گیا ہے، لکڑی کا پرانا اور بوسیدہ پل گاڑی کا وزن برداشت نہ کر سکا تھا اور ٹوٹ گیا، یہ پل اس سے پہلے بھی ٹوٹ چکا ہے۔ادھر 2 مئی کو شانگلہ چکیسر کے یو سی سرکول کے علاقے ولیج کونسل جٹکول کو تورغر سے ملانے والا واحد ذریعہ، دریائے سندھ پر تعمیر پْل رات کو آنے والے طوفان کی وجہ سے ٹوٹ گیا تھا جس سے 10 ہزار کی آبادی رکھنے والا ولیج کونسل جٹکول کا زمینی رابطہ مکمل منقطع ہو گیا تھا۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حادثے سے 2 ماہ قبل ایک سروے کے دوران اس پل کو مکمل ناکارہ قرار دے کر نئے سرے سے بنانے کی سفارش کی گئی تھی۔