کرپشن کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے،غلام قادر تھیبو

کرپشن کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے،غلام قادر تھیبو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (پ ر) کرپشن معاشرے کے لئے کینسر کی طرح ہے، دہشت گردی کی طرح کرپشن بھی ملک کے لئے خطرناک ہے۔کرپشن کی روک تھام کے لئے عوام کاتعاون اور سماجی دباؤ ضروری ہے ۔ سرکاری اداروں میں کرپشن سے نٹمنے کے لئے غیر معمولی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن سندھ کے چیئرمین غلام قادر تھیبو نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز کی اسکل ڈویلپمنٹ کمیٹی کے زیر اہتمام ’’کرپشن کے خلاف جدوجہد اور پرنٹ میڈیا کا کردار‘‘ کے زیر عنوان ایڈیٹرز کی ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ غلام قادر تھیبو نے کہا کہ کرپشن کے خلاف مزید اختیارات کے حامل ایک ادارے کے قیام کی تجویز حکومت کو پیش کی ہے، اس ادارے کا نام سندھ اینٹی کرپشن ایجنسی (SACA) تجویز کیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن پولیس کے لئے یونیفارم، مانیٹرنگ سسٹم، ایجنسی کے اپنے پراسیکوٹر سمیت کئی اقدامات تجویز کیئے گئے ہیں۔ توقع ہے کہ اس ایجنسی کے قیام کے بعد سندھ میں کرپشن کی روک تھام میں زیادہ مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ چند دہائیوں پہلے کرپشن کو سماجی سطح پر بہت برا سمجھا جاتا تھا لیکن اب یہ برائی معاشرے کے ہر شعبے میں سرایت کر چکی ہے۔ ایسی صورت حال سے نمٹنے کے لئے غیر معمولی اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ بھارت ، ویتنام اور دیگر کئی ممالک کرپشن میں پاکستان سے بہت آگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رائے عامہ کی تشکیل کے لئے پرنٹ میڈیا کا کردار بہت اہم ہے۔ کرپشن کے خلاف عوام میں شعور و آگہی کے فروغ کے لئے پرنٹ میڈیا کا تعاون بہت ضروری ہے۔ سی پی این ای کی اسکل ڈویلپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں بڑھتی ہوئی کرپشن نے عام آدمی کی اخلاقی اور معاشی حالت کو شدید متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے انسداد اور شفافیت کے فروغ کے لئے سی پی این ای حکومتی اور سماجی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کے لئے تیار ہے۔ اس موقع پر اویس اسلم علی، حامد حسین عابدی، فیصل شاہجہاں، عارف بلوچ، نجم الدین شیخ، چوہدری شبیر، شیر محمد کھاوڑ اور ابرار بختیار نے بھی اظہار خیال کیا۔