گزشتہ 7سال کے دوران حج ادا کرنے والے افراد امسال سرکاری سکیم کے تحت حج پر نہیں جا سکیں گے

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم محمد نوازشریف نے وزارت مذہبی امور کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سات سالوں کے دوران حج ادا کرنے والے درخواست گزار اس سال سرکاری سکیم کے تحت حج 2017کے لئے درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے وزارت مذہبی امور کو آئندہ حج کیلئے انتظامات کو مزید بہتر بنانے اور حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ میں تین وقت کا کھانا فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے،انہوں نے کم سے کم خرچ پر سفر اور قیام کی بہتر سہولتیں یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے وزارت مذہبی امور کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران حجاج کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا اعتراف معاشرے کے تمام طبقوں نے کیا ہے۔