"دھی رانی پروجیکٹ" کا ویب پورٹل تیار،ہیلپ لائن پر بھی رابطہ ممکن،کس عمر کے سائلین شمولیت کے اہل ہیں ؟ جانیے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں "دھی رانی پروگرام" کے تحت تشکیل دی جانے والی سٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب، سہیل شوکت بٹ نے بذریعہ زوم لنک کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کے سیاسی مشیر ذیشان ملک نے خصوصی شرکت کی جبکہ سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید محمود اختر اور ڈی جی سوشل ویلفیئر سکندر ذیشان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ مختلف ڈویژنز کے کمشنرز نے بھی زوم لنک کے ذریعے شرکت کی۔
ڈی جی سوشل ویلفیئر سکندر ذیشان نے اجلاس کے اراکین کو "دھی رانی پروگرام" کے بارے میں تفصیلی بریفنگ فراہم کی اور صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ اور معاون خصوصی زیشان ملک کو پروگرام کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ غریب، یتیم اور جسمانی معذوری کا شکار خواتین، جن کے والدین معذور ہیں اور جن کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان ہو، اس پروگرام میں شمولیت کی اہل ہیں۔ مزید یہ کہ "دھی رانی پروجیکٹ" کا ویب پورٹل تیار کر لیا گیا ہے جو کہ اب آپریشنل ہے اور سائلین اس پر درخواست دے سکتے ہیں۔
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ "دھی رانی پروگرام" کے تحت صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں پہلے مرحلے میں 1500 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ درخواست گزار/مستحق افراد کےلئے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 05 نومبر سے بڑھا کر 15 نومبر کر دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ "وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا یہ اقدام حقیقی فلاحی اسلامی ریاست کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ اجتماعی شادیوں کے دوران جوڑوں کو دی جانے والی سلامی کی رقم ایک لاکھ روپے ہوگی اور تحفوں کی خریداری پیپرا کے ذریعے کی جائے گی تاکہ منصوبے میں شفافیت کو برقرار رکھا جا سکے۔سموگ کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اجتماعی شادیاں حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائیں گی۔50 شادیاں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز اور باقی 25 شادیاں ضلعی سطح پر کروائی جائیں گی۔"
درخواستیں آن لائن پورٹل یا متعلقہ ضلع کے سوشل ویلفیئر، ڈپٹی ڈائریکٹر آفس میں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔