اسلام آباد کالج فار بوائز میں 16 اپریل کو بنگلہ دیش کے نامور سابق سفیر ایم مجارالقیس کی یاد میں خصوصی تقریب

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) اسلام آباد کالج فار بوائز (آئی سی بی)، جی 6/3، اسلام آباد اپنے ممتاز سابق طالب علم اور بنگلہ دیش کے معروف سفارتکار محمد مجار القیس (1960 – 2017) کی یاد میں ایک شاندار تقریب منعقد کر رہا ہے۔ یہ تقریب نہ صرف ان کی سفارتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ہے بلکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستی اور تعاون کے رشتے کی بھی ایک خوبصورت علامت ہے۔
محمد مجار القیس نے تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط اپنے کیریئر میں بین الاقوامی تعاون، انسانی حقوق، اور ثقافتی سفارتکاری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ بنگلہ دیش کے فارن سیکریٹری، برطانیہ اور آئرلینڈ میں سفیر، برازیل اور مالدیپ میں ہائی کمشنر، اور یونیسکو میں مستقل نمائندے کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اسلام آباد کالج فار بوائز ان کی یاد میں کالج کے ایک بلاک کو ان کے نام سے منسوب کر رہا ہے، جو ان کی خدمات کے اعتراف اور پاکستان و بنگلہ دیش کے دیرینہ تعلقات کی علامت کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ تقریب میں مجار القیس کی بیوہ نعیمہ قیس کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے جو پاکستان کے پہلے بنگالی فارن سروس آفیسر ایم. این. آئی. چوہدری کی صاحبزادی بھی ہیں۔ وہ اپنے شوہر کی یاد میں خطاب کریں گی اور ان کی خدمات پر روشنی ڈالیں گی۔
تقریب میں بنگلہ دیش کی معروف گلوکارہ شکیلہ احمد بھی اپنی آواز کا جادو جگائیں گی، جبکہ پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کے نمائندگان، نامور سفارتکار، اساتذہ کرام، اور کالج کے سابق طالب علم بھی شرکت کریں گے۔ یہ تقریب 16 اپریل 2025 کو صبح 10 بجے اسلام آباد کالج فار بوائز، جی-6/3 میں منعقد کی جائے گی۔