بابا صدیقی کو گولی مارنیوالا شوٹر گرفتار، گینگ سے رابطہ کس طرح ہوا؟ دوران تفتیش انکشافات
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے سابق وزیر مرحوم بابا صدیقی کو گولی مارنے والے اہم ملزم شیو کمار کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بابا صدیقی کو گولی مارنے والے ملزم شیو کمار کو ریاست اترپردیش سے گرفتار کیا گیا ہے اور دوران تفتیش شیو کمار نے لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ شوٹر شیو کمار بابا صدیقی کے قتل کے بعد سے مفرور تھا اور نیپال فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا تاہم اتر پردیش میں پولیس کارروائی کے دوران شیو کمار کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے شیو کمار کے علاوہ مزید 4 ملزمان کو بھی گرفتار کیا ہے جس کے بعد بابا صدیقی کے قتل میں ملوث گرفتار ملزمان کی تعداد 23 ہوچکی ہے۔
دوران تفتیش شوٹر کے انکشافات:دوران تفتیش ملزم شیو کمار نے بتایا کہ ’بابا صدیقی کو قتل کرنے کے لئے 9.9 ایم ایم پستول کا استعمال کیا گیا جبکہ بابا صدیقی کا قتل لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی کے کہنے پر کیا گیا، ملزمان کا انمول بشنوئی سے رابطہ لارنس بشنوئی کے قریبی ساتھی شبھم لونکر کے ذریعے ہوا کرتا تھا‘۔
اس سے قبل ممبئی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ’ بابا صدیقی کو گولی مارنے سے قبل شوٹرزا نمول بشنوئی کے ساتھ رابطے میں تھے اور انمول بشنوئی نے ملزم کے ساتھ بات چیت کیلئے سنیپ چیٹ کا استعمال کیا تھا‘۔