ڈالر سستا ، سٹاک مارکیٹ میں بہتری لیکن وجہ کیا بنی؟ ماہرین کا مؤقف آگیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)کاروباری ہفتے کے آخری روز ڈالر مزید 10 پیسے سستا ہوگیا جبکہ سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی دیکھی گئی اور انڈکس 80 ہزار کی سطح عبور کرگئی، اب ماہرین اس کی ممکنہ وجہ سامنے لے آئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 999 پوائنٹس کے اضافے سے 80 ہزار 16 پر آ گیا۔گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 79 ہزار 17 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
ادھر "جیونیوز" کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 10 پیسے سستا ہو کر 278روپے 34 پیسے کا ہوگیا، گزشتہ روز 278.44 روپے کی سطح پر بند ہوا تھا۔
اب ماہرین کا کہنا ہے کہ شرحِ سود میں کمی اور آئی ایم ایف سے معاملات میں پیش رفت کا سٹاک کے کاروبار پر مثبت اثر پڑا ہے، گزشتہ روز سٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود 2 فیصد تاریخی کمی کم کر کے 17.50 فیصد کی تھی ۔