ٹرائی نیشن سیریز فائنل، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی

ٹرائی نیشن سیریز فائنل، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی
ٹرائی نیشن سیریز فائنل، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی
سورس: Facebook : BlackCaps

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے میزبان پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سہہ ملکی سیریز اپنے نام کرلی۔گرین شرٹس کی طرف سے دیا گیا 243 رنز کا ہدف کیویز ٹیم نے  45.2 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

گرین شرٹس کی طرف سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ہوم گراؤنڈ ہونے کے باوجود پاکستانی باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی۔ مہمان ٹیم کی طرف سے ڈیرل مچل اور ٹام لیتھم نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ انہوں نے بالترتیب 57 اور 56 رنز بنائے۔ ڈیون کانوے 48 اور فیب فور میں شامل کین ولیمسن 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ گرین شرٹس کی طرف سے نسیم شاہ نے دو جب کہ شاہین آفریدی، ابرار احمد اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں پاکستان کی ٹیم 242 رنز بنا کر 49.3 اوورز میں آل آؤٹ ہوگئی تھی ۔ کپتان محمد رضوان 46 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، جبکہ سلمان آغا نے 45 اور طیب طاہر نے 38 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ول او رورک نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے  چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ مچل سینٹنر اور مائیکل بریسویل نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ پاکستانی ٹیم کے ابتدائی بلے باز ایک بار پھر ناکام رہے، فخر زمان 10، بابر اعظم 29 اور سعود شکیل 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آخری اوورز میں فہیم اشرف (22) اور نسیم شاہ (19) نے جارحانہ انداز اپنایا مگر ٹیم کو بڑے سکور تک نہ پہنچا سکے۔