آہ! حافظ صلاح الدین یوسف رحمۃ اللہ

آہ! حافظ صلاح الدین یوسف رحمۃ اللہ
 آہ! حافظ صلاح الدین یوسف رحمۃ اللہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

آج دل بہت غمگین ہے!
معروف مفسرِ قرآن، محقق و بزرگ عالمِ دین، مصنف کتبِ کثیرہ، ہمارے روحانی والد، مشفق استاذ و مربی، فضیلۃ الشیخ العلامہ "حافظ صلاح الدین یوسف رحمہ اللہ"
(سابق مشیر وفاقی شرعی عدالت، و سرپرست شعبہ تحقیق و تالیف المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر ڈیفنس کراچی) انتقال فرما گئے... انا للہ واناالیہ راجعون


"حافظ صلاح الدین یوسف رحمہ اللہ" مختصر تعارف
معروف مفسر، محقق، مفتی،مصنف، شارح، سرپرست شعبہ تحقیق و تالیف المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر ڈیفنس کراچی، سابق مدیر شعبہ تحقیق و تصنیف دارالسلام لاہور، سابق مدیر ہفت روزہ الاعتصام لاہور۔
نام: حافظ محمد یوسف، قلمی نام: حافظ صلاح الدین یوسف
ولادت: 1945ء ریاست جے پور راجستھان۔
تعلیم: حفظ قرآن کریم، فاضل درسِ نظامی، دارالعلوم تقویۃ الاسلام لاہور۔


اساتذہ کرام: مولانا محمد عطاء اللہ حنیف بھوجیانی، قاری بشیر احمد تبتی، قاری عبید اللہ بلتستانی، حافظ محمد اسحاق، حافظ عبد الرشید گوہڑوی، مولانا عبد الرشید مجاہد آبادی، مولانا عبد الحمید۔ رحم اللہ الجمیع.
چند چیدہ تصانیف:
تفسیر احسن البیان (مختصر تفسیر قرآن مجید) مطبوعہ مجمع ملک فہد (شاہ فہد قرآن پرنٹنگ پریس) مدینہ منورہ۔
تفسیر احسن البیان (زیرِ تکمیل، باہتمام: المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر کراچی)


مکمل ترجمہ قرآن مجید
دلیل الطالبین، اردو ترجمہ و فوائد ریاض الصالحین للامام النووی
خلافت وملوکیت، تاریخی وشرعی حیثیت
مولانا امین احسن اصلاحی اپنے حدیثی و تفسیری نظریات کی روشنی میں (مطبوعہ المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر کراچی)
فکرِ فراہی اور اس کے گمراہ کن اثرات، ایک علمی و تحقیقی جائزہ (مطبوعہ المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر کراچی)
جنازہ کے احکام و مسائل (انسائیکلوپیڈیا) اور مسالہ ایصالِ ثواب (مطبوعہ المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر کراچی)
فتنہ غامدیت
نفاذ شریعت کیوں اور کیسے؟


توحید اور شرک کی حقیقت
نماز محمدی صلی اللہ علیہ وسلم
مفرور لڑکیوں کا نکاح اور ہماری عدالتیں (مسئلہ ولایت نکاح کا ایک تحقیقی جائزہ
رمضان المبارک، فضائل، فوائد وثمرات، احکام ومسائل
فضائل عشرہ ذو الحجہ اور احکام ومسائل عید الاضحی
مسنون نماز اور روزمرہ کی مسنون دعائیں
حقوقِ مرداں و حقوقِ نسواں (مطبوعہ المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر کراچی)


عورتوں کے امتیازی مسائل وقوانین، حکمتیں اور فوائد
کیا عورتوں کا طریقہ نماز مردوں سے مختلف ہے؟
اسلامی آداب معاشرت
واقعہ معراج اور اس کے مشاہدات
رسومات محرم الحرام اور سانحہ کربلا
ترجمہ حصن المسلم
قرآن کریم اور احادیث مبارکہ کی خدمت اور دینِ اسلام، شعائرِ دین، سنتِ نبوی علی صاحبہا افضل الصلاۃ والتسلیم اور صحابہ و اہلِ بیت کی حرمت کے دفاع کا یہ عظیم سفر سات دہائیوں پر مشتمل رہا...


آج جہاں بہت سے محبانِ دین و علم محترم شیخ کی جدائی پر غمگین ہیں وہیں ادارہ المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر بھی خود کو علمی روحانی طور پر یتیم محسوس کررہا ہے... یقیناً جب سے ہمارے ادارے کے شعبہ تحقیق و تالیف کو شیخ رحمہ اللہ کی علمی سرپرستی حاصل ہوئی گویا کہ ایک نئی روح ہو جو اس میں پھونک دی گئی ہو... ابھی حالیہ ہی شیخ رحمہ اللہ کی جنازہ کے احکام و مسائل پر مشتمل ایک جامع تالیف جو ایک انسائیکلوپیڈیا سے کم نہیں ادارہ سے شایع کی گئی... اصل میں ادارہ فضیلۃ الشیخ محدثِ دیارِ سندھ علامہ عبد اللہ ناصر رحمانی حفظہ اللہ کی خواہش، حکم اور سرپرستی میں دفاعِ حدیث کے موضوع پر ایک موسوعہ ترتیب دینا چاہتا تھا جس کے لئے محترم مفسرِقرآن فضیلۃ الشیخ حافظ صلاح الدین یوسف رحمہ اللہ سے گزارش کی گئی کہ وہ ادارہ کے شعبہ تحقیق و تالیف کی سرپرستی بھی کریں اور اس موسوعہ کا آغاز بھی جسے شیخ نے شفقت فرماتے ہوئے قبول فرمایا اور اسی سلسلہ میں ابتدائی دو جلدیں بڑے اہم و منفرد موضوعات پر ادارہ سے شائع بھی کی جاچکی ہیں جبکہ مزید پر مشاورت جاری تھی... شیخ علم کا وہ سمندر تھے جس سے جتنا چاہو استفادہ کرتے رہو... ابھی ایک کتاب مکمل فرماتے کہ پیچھے دوسری بھی تیار ہوتی جس کی طباعت کے منتظر رہتے...


اب بھی شیخ کی سب سے بڑی خواہش قرآن مجید ہی کی خدمت تھی.. شیخ کی اپنی ہی تفسیر احسن البیان جو مختصر ہے اسے تفصیل سے تحریر فرمارہے تھے اور جلد از جلد مکمل کرنا چاہتے تھے اور وقتاً فوقتاً خود ہمیں بھی ترغیب دلاتے اور پوچھتے رہتے کہ کام کہاں تک پہنچا؟ اسی سلسلہ میں گزشتہ دنوں آخری مرتبہ فون پر بات ہوئی... آپ کی مشفقانہ آواز ابھی بھی جیسے کانوں میں گونج رہی ہے...
اللہ تعالیٰ شیخ پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے، ان کی مبارک جہود کو قبول فرمائے، انہیں انبیاء، صدیقین، شہداء و صالحین کی رفاقت عطا فرمائے، شیخ کی اولاد کو ان کے لیے صدقہ جاریہ بنائے، ورثاء کو صبرِ جمیل عطاء فرمائے اور جو اہلِ علم حیات ہیں ان کا سایہ تادیر ہم قائم رکھے اور روزِ قیامت ہمارے ساتھ بھی اپنی رحمت کا معاملہ فرماتے ہوئے ہمارا انجام بھی صالحین کے ساتھ فرمادے.

مزید :

رائے -کالم -